Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رشبھ پنت اور کئی مہنگے ہوٹلوں کے ساتھ فراڈ کرنے والا سابق کرکٹر گرفتار

مرینانک سنگھ نے وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنت کو 1.6 کروڑ انڈین روپوں کے فراڈ کا نشانہ بنایا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین پولیس نے کرکٹر رشبھ پنت اور کئی فائیو سٹار ہوٹلوں کے ساتھ فراڈ کرنے والے ایک سابق انڈر 19 کرکٹر کو گرفتار کر لیا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق نئی دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ سابق انڈر 19 کرکٹر کو فائیو سٹار ہوٹلوں، ریستورانوں اور نوجوان لڑکیوں سے لاکھوں روپے بٹورنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
 پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے 25 برس کے ملزم کا نام مرینانک سنگھ ہے جو کہ مہنگے ہوٹلوں میں ماڈلز کے ساتھ پارٹی کرنے کا شغل رکھتا تھا۔
انہوں نے کئی لوگوں کو کرکٹر ہونے کا جھانسہ دے کر نہ صرف لوٹا بلکہ کئی جگہوں پر اُنہوں نے خود کو ریاست کرناٹک کا پولیس افسر بھی ظاہر کیا۔ 
مرینانک سنگھ نے 2021 میں انڈین وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنت کو ایک اعشاریہ چھ کروڑ انڈین روپوں کے فراڈ کا نشانہ بنایا۔
مرینانک سنگھ ہریانہ کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں جو رشبھ پنت کو اکیڈمی کے دنوں سے جانتے ہیں۔ انہوں نے وکٹ کیپر کو مہنگی گھڑیاں مناسب داموں میں لا کر دینے کا جھانسہ دیا جس کے بعد رشبھ پنت نے انہیں زیورات سمیت دیگر مہنگی چیزیں فروخت کرنے کے لیے دیں۔
اس کے بعد ملزم نے رشبھ پنت کو ایک اعشاریہ چھ کروڑ روپے کا چیک دیا جو کہ باؤںس ہو گیا تاہم اس حوالے سے رشبھ پنت نے کوئی ایف آئی آر درج نہیں کروائی۔
اس کے علاوہ ملزم نے گذشتہ برس تاج پیلیس ہوٹل میں ایک ہفتے قیام کیا جہاں اُس نے سٹاف کو بتایا کہ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ممبئی انڈینز کا حصہ ہیں۔
نئی دہلی پولیس کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر روی کانت کمار نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ (ملزم) جولائی 2022 میں ایک ہفتے تک تاج پیلیس ہوٹل میں رہا، جہاں اُس کا بل پانچ اعشاریہ چھ لاکھ روپے بنا جس پر ملزم نے ہوٹل انتظامیہ کو یقین دہانی کروائی کہ اُس کے بل کی ادائیگی اُس کے سپانسر ایڈیڈاس کی جانب سے کی جائے گی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم کا بینک اکاؤںٹ اور کارڈ جعلی نکلے جس کے بعد تاج پیلیس ہوٹل کے سکیورٹی ڈائریکٹر کی جانب سے مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔
دوسری جانب ملزم مرینانک سنگھ کے والد نے پولیس کو بتایا ہے کہ انہوں نے اپنے بیٹے سے اظہار لاتعلقی کر دیا ہے۔

شیئر: