ایشیا کپ: پاکستان نے نیپال کو 238 رنز سے شکست دے دی
پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور افتخار احمد نے سینچریاں سکور کیں۔ فوٹو: اے ایف پی
ایشیا کپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیپال کو 238 رنز سے شکست دے دی ہے۔
بدھ کو ملتان کے کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنائے۔
پاکستان نے نیپال کو جیت کے لیے 343 رنز کا ہدف دیا مگر پوری ٹیم 104 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل گرین شرٹس کی جانب سے بابر اعظم اور افتخار احمد نے شاندار سینچریاں سکور کیں۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 14 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 151 جبکہ افتخار احمد 11 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 109 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
ان کے علاوہ پاکستان کے لیے محمد رضوان نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔
یہ بابر اعظم کی ون ڈے فارمیٹ میں 19ویں جبکہ افتخار احمد کی پہلی سینچری ہے۔
نیپال کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے سومپال کامی نے دو جبکہ کرن کے سی اور سندیپ لمیچنے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ میں نیپال کو پہلی کامیابی 5.3 اوورز میں ملی جب فخر زمان کرن کے سی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے آصف شیخ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 25 رن پر گری جب اوپننگ بیٹر امام الحق پانچ کے انفرادی سکور پر رَن آؤٹ ہو گئے۔
تیسری وکٹ کے لیے بابر اعظم اور محمد رضوان کے درمیان 86 رن کی شراکت دیکھنے کو ملی تاہم محمد رضوان 44 کے سکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔
نیپال کو چوتھی کامیابی آغا سلمان کی وکٹ کی صورت میں ملی جب وہ پانچ رن بنا کر ریورس سویپ مارنے کی کوشش میں آؤٹ کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 338 رنز پر گری جب بابر اعظم 151 کے سکور پر سومپال کامی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی چھٹی وکٹ 342 کے سکور پر گری جبب شاداب خان سومپال کامی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
پاکستان اور نیپال کی ٹیمیں پہلی مرتبہ ون ڈے فارمیٹ میں آمنے سامنے آئیں۔
نیپال کی ٹیم پہلی مرتبہ ایشیا کپ کھیل رہی ہے۔
نیپال نے رواں برس اے سی سی مینز پریمیئر کپ جیت کر ایشیا کپ میں رسائی حاصل کی تھی۔
پاکستان کی نیپال کے خلاف پلیئنگ الیون
بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، محمد رضوان، محمد نواز، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف۔
پاکستان میں ایشیا کپ کے میچ کہاں پر نشر ہو رہے ہیں؟
پاکستان اور نیپال کے درمیان ایشیا کپ کا پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوا جسے شائقینِ کرکٹ نے ٹی وی پر پی ٹی وی سپورٹس، ٹین سپورٹس جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ٹیپ میڈ ایپ اور تماشہ ایپ پر دیکھا۔