اسلام آباد کی حدود میں ڈکیتی کی واردات، مزاحمت پر چینی شہری قتل
جمعرات 11 جنوری 2024 16:51
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
چینی شہری کی نماز جنازہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں ادا کردی گئی (فائل فوٹو: آئی آئی یو آئی فیس بُک)
اسلام آباد کے سیکٹر ڈی 14 میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر ایک چینی شہری کو قتل کر دیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق 6 جنوری کو تھانہ گولڑہ کی حدود میں مسلح ڈاکو علی الصبح ہارون نامی چینی شہری کے گھر میں داخل ہوئے۔
دوران مزاحمت ڈاکوؤں نے ہارون پر فائرنگ کردی اور گولی ان کے پیٹ میں لگی، فائرنگ سے ان کی اہلیہ بھی زخمی ہوئیں۔
ہارون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج پمز ہسپتال اسلام آباد میں چل بسے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ’واقعے کی ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔‘
مقتول ہارون بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سے فارغ التحصیل تھے
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ترجمان ناصر فرید نے اردو نیوز کو بتایا کہ مقتول چینی شہری 2019 میں یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہوئے تھے۔ انہوں اسلامک سٹیڈیز میں تعلیم حاصل کر رکھی تھی۔
چینی شہری کی نمازِ جنازہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں ادا کردی گئی
تعلیم کی غرض سے پاکستان آنے والے چینی شہری کی نماز جنازہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں ادا کی گئی۔
یونیورسٹی ترجمان کے مطابق ’جامعہ کی حدود میں سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر چینی شہری کی نماز جنازہ ادا کرنے کی اجازت دی گئی۔‘