پی ٹی آئی کے ترانے ’ہم کوئی غلام تو نہیں‘ کے خالق عاصم تنہا جھگڑے میں قتل
ہفتہ 6 جنوری 2024 10:55
ادیب یوسفزئی - اردو نیوز
شاعر عاصم تنہاء کو ان کے کزن نے خاندانی جھگڑے میں گولی مار کر قتل کیا۔ فوٹو: فیملی ذرائع
پاکستان تحریک انصاف کے ترانے ’ہم کوئی غلام تو نہیں‘ کے خالق عاصم تنہا ذاتی جھگڑے میں قتل ہو گئے ہیں۔
ضلع بھکر کے نواحی علاقے چاندنی چوک میں پیش آنے والے واقعے میں سرائیکی شاعر ماجد خان جو عاصم تنہا کے نام سے جانے تھے، سمیت دو افراد کو قتل کیا گیا۔
بھکر کی ضلعی پولیس نے اُردو نیوز کو بتایا کہ قتل کی واردات گذشتہ روز چاندنی چوک میں پیش آئی۔
پولیس کے مطابق ’چاندنی چوک پر معروف شاعر ماجد خان عاصم تنہا کو ان کے رشتہ دار سمیع اللہ نے تلخ کلامی پر فائرنگ کر کے قتل کیا ہے۔ یہ ان کا خاندانی جھگڑا تھا جس کے دوران دو افراد جان سے گئے۔‘
’عاصم تنہا اور سمیع اللہ دونوں آپس میں کزن تھے، خاندانی جھگڑے کے دوران دونوں میں تکرار ہوئی جس کے بعد سمیع اللہ نے ماجد خان کو گولی مار کر قتل کر دیا۔‘
عاصم تنہا کے بھائی نے موقع پر ہی فائر کر کے اپنے بھائی کے قاتل سمیع اللہ کو بھی قتل کر دیا۔
ضلعی پولیس کے مطابق واقعے کی ابتدائی رپورٹ درج کر لی گئی ہے اور اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔
عاصم تنہا شاعر اور گیت نگار تھے اور سرائیکی، پنجابی اور اردو گیتوں کے خالق اور صاحبِ کتاب شاعر بھی تھے۔
عاصم تنہا کا پاکستان تحریکِ انصاف کے لیے لکھا گیا ترانہ ’ہم کوئی غلام تو نہیں‘ کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں پی ٹی آئی کے حلقوں میں بہت زیادہ پذیرائی حاصل ہوئی۔
انہوں نے ’ہم کوئی غلام تو نہیں‘ کے عنوان سے گیتوں پر مشتمل کتاب بھی تحریر کی تھی۔
عاصم تنہا کے خاندانی ذرائع کے بقول ان کی نماز جنازہ سنیچر کو دوپہر دو بجے ادا کی جائے گی۔