ٹی وی ڈراموں سے اپنی شناخت بنانے والے معروف اداکار خالد بٹ چل بسے
جمعرات 11 جنوری 2024 21:34
سنہ 2019 میں آن ایئر ہونے والے ڈرامے ‘جی ٹی روڈ‘ میں ان کے کردار کو بہت پسند کیا گیا (فائل فوٹو: اے پلس انٹرٹینمنٹ)
پاکستانی ڈراموں کے معروف سینیئر اداکار خالد بٹ طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے ہیں۔
خالد بٹ کا انتقال جمعرات کو لاہور میں ہوا، وہ کافی عرصے سے گردوں اور جگر کے امراض میں مبتلا تھے۔
ان کا تعلق ملتان سے تھا اور وہیں وہ پلے بڑھے، بعدازاں وہ لاہور منتقل ہو گئے اور 1979 میں انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔
خالد بٹ نے اپنے کیریئر کا آغاز اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی حیثیت سے کیا، انہوں کئی اردو اور پنجابی فلموں کے علاوہ بے شمار ڈراموں میں کام کیا۔
تاہم انہیں شہرت اور شناخت پاکستان ٹیلی وژن کے ڈراموں سے ملی۔ ان کے مشہور ڈراموں میں ’جنجال پورہ ‘، ’بُوٹا فرام ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ اور ’لنڈا بازار‘ تھے۔
انہوں نے حالیہ چند برسوں کے دوران نجی ٹی وی کے ڈراموں ’لَو، لائف اور لاہور‘، ’لال عشق‘، اور ’جی ٹی روڈ‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
خالد بٹ نے چند فلموں میں بھی کام کیا جن میں ’شاہ‘، ’رحم‘، ‘موٹرسائیکل گرل‘، ’وجود‘ اور ’دہلی گیٹ‘ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے جن ڈراموں میں اپنی اداکاری کے گہرے نقوش چھوڑے ان میں ’تیسرا کنارا‘، ’نیلے ہاتھ‘، ’اپنے ہوئے پرائے‘، ’خدا اور محبت‘ اور ’کچھ پیار کا پاگل پن‘ شامل ہیں۔
’دُرِشہوار‘، ’مل کے بھی ہم نہ ملے‘، ’عشق عبادت‘، ’شام ڈھلے‘، ’پری زاد‘، ’خوب صورت‘۔ ’آدھی گواہی‘، ’ہری ہری چُوڑیاں‘، ’مجھے جینے دو‘ سمیت کئی دیگر ڈراموں میں ان کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا۔
ان کا ایک ڈرامہ ’خئی‘ آج کل نجی انٹرٹینمنٹ چینل ‘جیو‘ پر دکھایا جا رہا ہے جس میں انہوں نے دُراب خان کا کردار ادا کیا ہے۔