میرے مقابلے میں ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیے گئے جو رات کی تاریکی میں آئے: شیخ رشید
پی ٹی آئی کی جانب سے شیخ رشید کے مقابلے میں شہریار ریاض اور سیمابیہ طاہر کوٹکٹ دیے گئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ان کے مقابلے میں ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیے گئے ہیں جو رات کی تاریکی میں لندن اور امریکہ سے آئے۔
سنیچر کو اپنے ایکس اکاؤبٹ پر جاری کیے جانے والے ویڈیو بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’میں اپنی زندگی میں پہلی بار چھ، سات ماہ ایسی مشکلات سے گزرا جن کا میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔‘
ان کے مطابق ’میں نے 40 دن کا چلہ کاٹا، اور غاروں میں رہا۔ تاکہ میں ایک شخص اور اس کی فیملی اور بیگم کے خلاف بیان جاری کروں، 164 کا بیان دوں۔‘
انہوں نے اپنی طرف اشارہ کرتے ہوئے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ’جو شخص 17 مرتبہ وزیر رہا، اس کو بعض لوگوں نے ٹکٹ کے قابل نہیں سمجھا اور اس کے مقابلے میں ایسے امیدوار اتارے جو رات کی تاریکی میں لندن اور امریکا سے آئے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’جن لوگوں نے ایسا کیا میں ان کا کیس اللہ کے سپرد کرتا ہوں لیکن میں دوستی نبھاؤں گا کیونکہ میں اصولی آدمی ہوں۔‘
آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی وہ الیکشن میں ان کی جماعت کو ووٹ دیں اور قلم دوات پر مہر لگائیں۔
خیال رہے 12 جنوری کو پاکستان تحریک انصاف نے سوشل میڈیا پر اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کی جس میں سابق سپیکر اسد قیصر سمیت سابق وفاقی وزرا مراد سعید، علی امین گنڈا پور، زرتاج گل اور کئی دیگر ارکان اسمبلی کے نام شامل تھے۔
تاہم راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 اور 57 میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے انکار کرتے ہوئے ان کے مقابلے میں اپنے دو امیدوار میدان میں اتارے ہیں جن میں ایک خاتون ہیں۔
شیخ رشید کے مقابلے میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 56 سے شہریار ریاض اور این اے 57 سے سیمابیہ طاہر کو تحریک انصاف نے ٹکٹ دیے ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویز الہی اور چیئرمین بیرسٹر گوہر سے ملاقاتوں میں ان حلقوں میں امیدوار نہ کھڑے کرنے کی درخواست کی تھی۔
تاہم تحریک انصاف نے شیخ رشید احمد کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے کارکنان کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا۔