Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چینی وزیر خارجہ کا دورہ مصر، غزہ میں جنگ بندی اور فلسطینیی ریاست کے قیام پر زور

صدر السیسی نے متحدہ چین کے اصول کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا (فوٹو: روئٹرز)
مصر اور چین نے غزہ پٹی میں جنگ بندی اور خطے میں کشیدگی کے اسباب کا خاتمہ کرنے پر زور دیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے اتوار کو قاہرہ میں چینی وزیر خارجہ نے ملاقات کی ہے۔
مصری ایوان صدارت کے ترجمان احمد فہمی نے بیان میں کہا’ صدر السیسی نے متحدہ چین کے اصول کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا اور کہا مصر عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔‘ 
مصری صدر نے  دوطرفہ اور اجتماعی مشترکہ اقتصادی ترقی کے منصوبے جاری رکھنے کا بھی عزم ظاہر کیا۔ 
مصری ترجمان نے کہا کہ ’ملاقات کے دوران  بین الاقوامی اور علاقائی تازہ صورتحال خصو صا غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں کے تناظر میں خطے میں بڑھتی کشیدگی کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔‘ 
صدر السیسی نے شہریوں کے تحفظ اور ان کی انسانی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔ 
 ترجمان کے مطابق مصر اور چین کا موقف تھا کہ’ وہ بین الاقوامی قانون کی پابندی کو انتہائی ضروری سمجھتے ہیں۔ انفرادی اور اجتماعی نقل مکانی کو پوری قوت سے مسترد کرتے ہیں۔ فلسطینیوں کی ان کے علاقوں سے جبری بے دخلی کے مخالف ہیں۔‘
 ’دو ریاستی حل اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی بنیاد پر مسئلہ فلسطین کے جامع اور مبنی بر انصاف حل کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ بحران کی بنیادوں کو ٹھیک کرنا ہوگا۔‘

غزہ میں سو دن سے جاری جنگ میں ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں (فوٹو: ایکس مصری ایوان صدارت)

علاوہ ازیں چینی وزیر خارجہ وانگ ی نے اتور کو فلسطینی ریاست کے قیام اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا جہاں اسرائیل اور حماس کے درمیان سو دن سے جاری جنگ میں ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
قاہرہ میں مصری ہم منصب سامع شکری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ ’1967 کی سرحدوں پر ایک آزاد اور مکمل خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دینا ضروری ہے جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔‘
مصری اور چینی وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ بیان میں  تشدد کی تمام کارروائیوں، شہریوں اور شہری اداروں کو نشانہ بنانے کی تمام کارروائیوں کے فوری خاتمے پر زور دیا۔

شیئر: