Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران میں اہداف کو ڈرونز اور راکٹس سے نشانہ بنایا: آئی ایس پی آر

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ ’ایران کے اندر ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کی ہیں جو پاکستان میں حالیہ حملوں میں ملوث تھے۔‘
جمعرات کی دوپہر کو آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا کہ ’آج 18 جنوری کو پاکستان نے ایران میں سٹرائیکس کیں جن میں حملہ آور ڈرونز، راکٹس اور دیگر ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ کولیٹرل ڈیمج سے بچنے کے لیے کارروائی میں احتیاط سے کام لیا گیا۔‘
’بلوچستان لبریشن آرمی اور بلوچستان لبریشن فرنٹ نامی دہشت گرد تنظیموں کے زیرِاستعمال ٹھکانوں کو انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جس کا کوڈ نام ’مرگ بر سرمچار‘ تھا۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’نشانہ بنائے گئے ٹھکانے بدنام زمانہ دہشت گرد استعمال کر رہے تھے جن میں دوست عرف چیئرمین، بجر عرف سوغت، ساحل عرف شفق، اصغر عرف بشام اور وزیر عرف وزی شامل ہیں۔‘
’پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی کارروائیوں کے خلاف پاکستانی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام اور کسی بھی مہم جوئی کے خلاف تحفظ کو یقینی بنانے کا ہمارا عزم غیرمتزلزل ہے۔‘
’ہم پاکستانی عوام کی حمایت سے پاکستان کے تمام دشمنوں کو شکست دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔‘
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ آگے بڑھتے ہوئے، دونوں ہمسایہ برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ مسائل کا حل بات چیت، تعاون اور دانش مندی پر منحصر ہے۔

شیئر: