Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پہلے فتح کی ضرورت ہے‘، جنگ کے باوجود یوکرین کے شہروں کی تعمیر نو شروع

جنگ کی وجہ سے یوکرین کا انفراسٹرکچر تباہ ہوا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
جنگ جاری ہونے کے باوجود یوکرین نے بعض قصبوں اور شہروں کی تعمیر نو شروع کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق تروستیریانتس یوکرین کے ان علاقوں میں سے ایک ہے جس کو حکومتی فنڈز کی مدد سے دوبارہ تعمیر کیا جا رہا ہے۔ دو سال قبل روسی افواج کے حملے میں یہ شہر بھی بری طرح متاثر ہوا تھا۔   
شہر کے میئر یوریا بووا نے کہا کہ ’ہم ہر اس شخص، ہر بچے کی واپسی کے لیے جنگ لڑ رہے ہیں جو واپس آنا چاہتے ہیں اور یہاں اپنا مستقبل دوبارہ بنانا چاہتے ہیں۔‘
تروستیریانتس روس سے صرف 30 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
میئر یوریا بووا نے مزید کہا کہ ہم شہر میں ہر چیز بحال کرنا چاہتے ہیں، کیفے، لائبریریاں، فیکٹریاں، سکول اور ہسپتال دوبارہ تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔
کیئف میں حکام نے یوکرین کی تعمیر نو کی ضرورت کی جانب اشارہ کیا ہے۔ یہ ایک ایسی کوشش ہے جس کے لیے سینکڑوں ارب ڈالرز درکار ہوں گے۔
لیکن جنگ کے ختم ہونے کے کوئی آثار دکھائی نہیں دیتے۔ یوکرین نئے روسی حملوں کے خلاف دفاعی کارروائیاں کر رہا ہے جبکہ اس کی اپنی جوابی کارروائیاں سودمند ثابت نہیں ہو رہیں۔ ماسکو نے بڑے پیمانے پر آبادیوں پر فضائی حملوں کی مہم بھی دوبارہ شروع کر دی ہے۔
گزشتہ برس اوخترکا شہر کے میئر پاؤلو کوزمینکو نے تروستیریانتس کی تعمیر نو کے منصوبوں پر تنقید کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ صرف مکانات اور ضروری انفراسٹرکچر کی تعمیر پر توجہ دینی چاہیے اور تمام دستیاب فنڈز فوج کو ملنے چاہییں۔
سٹی ہال کی باقیات کے قریب کھڑی اوخترکا کی 65 برس کی رہائشی انتونینا دمتری چینکو نے کہا کہ وہ میئر سے متفق ہیں۔ ’پہلے ہمیں فتح کی اور پھر تعمیر نو کی ضرورت ہے۔‘
اوڈیسا میں حکام نے 2023 کے آخری تین مہینوں کے دوران 9 ملین ڈالر سے زیادہ کے ٹینڈرز یہ کہتے ہوئے منسوخ کر دیے تھے کہ سڑکوں کی مرمت، سٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور سافٹ ویئر جیسی چیزوں پر خرچ کرنا جنگ کے وقت میں ’ناقابل قبول‘ ہے۔

شیئر: