Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کی انتخابی مہم کی پہلی تقریر،’مشن پاکستان کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنا‘

مریم نواز  کا کہنا تھا کہ ’28 مئی اور 9 مئی صرف تاریخ نہیں پوری داستان ہیں‘ (فوٹو: سکرین گریب)
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے الیکشن مہم کا اپنا پہلا خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا مشن پاکستان کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنا ہے اور میں یہ کر کے رہوں گا۔‘
نواز شریف نے جمعرات کو پنجاب کے شہر حافظ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر مجھے وزیراعظم ہاؤس سے نکالا نہ جاتا تو آج کوئی بھی بے روزگار نہ ہوتا۔ اگر نواز شریف کو بار بار جعلی مقدمات میں الجھایا نہ جاتا تو آج پاکستان کا مقام کہیں اونچا ہوتا۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’اگر مجھے اقتدار سے نہ نکالا جاتا تو پاکستان دنیا میں ایک منفرد مقام حاصل کر چکا ہوتا۔ واقعتاً پاکستان ایشین ٹائیگر بن چکا ہوتا۔‘ نواز شریف نے اپنی مختصر تقریر میں اپنے سیاسی بیانیے کے بارے میں کوئی بات کی اور نہ ہی پارٹی کے انتخابی منشور پر بات کی۔
انہوں نے اپنی تقریر ختم کرتے ہوئے مریم نواز کو جلسے سے خطاب کرنے کو کہا۔
مریم نواز  کا کہنا تھا کہ ’28 مئی اور 9 مئی صرف تاریخ نہیں پوری داستان ہیں۔ 28 مئی والے نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔ 28 مئی والے موٹر ویز اور سڑکوں کے جال بچھانے والے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں نے وعدہ کیا تھا کہ نواز شریف کو واپس لے آؤں گی آج میں نے وعدہ پورا کر دیا ہے۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’جو آپ کے ہاتھ میں پیٹرول بم اور ڈنڈے دیتا ہے ، وہ آپ کا ہمدرد نہیں ہو سکتا۔‘

شیئر: