پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر ایران معافی مانگے: طاہر اشرفی
جمعرات 18 جنوری 2024 15:09
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ ’ایران پاکستان کا برادر اسلامی ملک ہے، اس کی طرف سے جو ہوا اس کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آتی۔‘ (فائل فوٹو: ایکس)
پاکستان علما کونسل کے چئیرمین حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ ایران پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر معافی مانگے۔
جمعرات کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ ’ایران نے پاکستان کی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حملہ کیا۔ اس میں دو بچے اور دیگر افراد شہید ہوئے۔‘
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے عوام اور حکومت کے لیے افسوسناک اور غم ناک لمحہ تھا۔
’ایران پاکستان کا برادر اسلامی ملک ہے، اس کی طرف سے جو ہوا اس کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آتی۔‘
پاکستان علما کونسل کے چئیرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان نے متعدد مرتبہ ایرانی حکومت کو آگاہ کیا کہ بہت سارے مجرم اس کے ہاں موجود ہیں۔
’بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے لوگ ایران میں موجود ہیں۔ کلبھوشن یادیو کا سب کو پتہ ہے لیکن پاکستان نے کبھی ایسے اقدامات نہیں کیے۔‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت کو کوئی چیلنج کرے گا تو پاکستان بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ گذشتہ رات پاکستان نے ایران میں بی ایل اے اور بی ایل ایف کے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔
حافظ طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ غزہ کی صورتحال سب کے سامنے ہے، ایسے میں ایران کی طرف سے ایسے اقدامات ’امت کی وحدت کو پارہ پارہ‘ کرنے کے مترادف ہیں۔