Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کے ساتھ کشیدگی: قومی سلامتی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس آج طلب

اجلاسوں میں پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدگی کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ کی حکمتِ عملی پر غور ہو گا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان اور ایران کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی پر قومی سلامتی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس آج (جمعے کو) طلب کیے گئے ہیں۔
قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس نگراں وزیراعظم انوارالحق کی زیرصدارت منعقد ہو گا، اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوں گے۔
اس کے علاوہ دفاع، خارجہ، خزانہ اور اطلاعات کے نگراں وفاقی وزرا، انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان، دفتر خارجہ اور وزارت دفاع کے حکام بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اس خصوصی اجلاس میں ایران کے ساتھ کشیدگی اور پاکستان کی جانب سے ایران میں ’دہشت گردوں‘ پر حملے کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔
اجلاس میں پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدہ صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ کی حکمتِ عملی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
قومی سلامتی کمیٹی کے علاوہ آج وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے جس میں ایران کے ساتھ کشیدگی سمیت ملک کی موجودہ سلامتی کی صورت حال پر غور ہو گا۔
نگراں وزیراعظم نے غیرملکی دورہ مختصر کر دیا
دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ ’نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اپنا غیرملکی دورہ مختصر کر دیا ہے۔‘
جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا کہ ’پاکستان کی جانب سے ایران میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے بعد ہونے والی پیش رفت کی روشنی میں یہ دورہ مختصر کیا گیا ہے۔‘
واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ کے قصبے ڈیووس گئے ہوئے تھے۔
نگراں وزیراعظم وطن واپسی کے بعد جمعے کو قومی سلامتی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کے اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔

شیئر: