Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کی نجی ایئرلائن کا 150 بوئنگ طیارے خریدنے کا اعلان

رواں ماہ اکاسا ایئر کے جہاز کا اڑان بھرنے کے فوراً بعد دروازہ کھل گیا تھا (فوٹو: بزنس ٹوڈے)
انڈیا کی نئی ایئرلائن اپنی سروس کے لیے 150 بوئنگ میکس جہاز خریدے گی اور یہ آرڈر اسی جہاز ساز کمپنی کو دیا گیا ہے جس کے بنائے جہاز کا دروازہ رواں ماہ اڑان بھرنے کے فوراً بعد اکھڑ گیا تھا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اکاسا ایئر کے سی ای او وینے ڈیوبے نے انڈیا کے جنوبی شہر حیدر آباد میں ایک ایئر شو کے دوران اپنی کمپنی کی جانب سے بوئنگ 737 میکس 10 اور 737 میکس ایٹ 200 کے آرڈر دینے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اس آرڈر کے بعد ایئرلائن کے پاس جہازوں کی تعداد 226 ہو جائے گی، اس وقت وہ 22 بوئنگ 737 میکس 8 اور میکس ایٹ 200 طیارے استعمال کر رہی ہے۔
ان جہازوں میں سے ایک بھی بوئنگ 737 میکس 9 ماڈل جیسا نہیں ہے، جس کے دروازے کا پلگ پانچ جنوری کو پورٹ لینڈ اوریگون سے ٹیک آف کرنے کے فوراً بعد اکھڑ گیا تھا اور جہاز میں سوراخ ہو گیا تھا۔
اس کے ساتھ ہی جہاز کا توازن بگڑ گیا تھا اور وہ تیزی سے نیچے کی طرف آنا شروع ہوا اور ہنگامی طور پر اس کو نیچے اتارنا پڑا، واقعے میں کسی کے زیادہ زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی تھی۔
اکاسا کمپنی کی جانب سے 2022 میں سروسز کا سلسلہ شروع کیے جانے کے بعد سے وہ انڈیا کی اندرون ملک پروازوں کے چار فیصد حصے پر کام کر رہی ہے اور 18 شہروں کے لیے اس کی پروازیں جاری ہیں۔ نئے آرڈر کے بعد ایسا لگ رہا ہے کہ وہ انڈیا اور جنوبی ایشیا میں اپنے نیٹ ورک کو وسیع کرنے جا رہی ہے۔
جس جہاز ساز کمپنی کو نئے جہازوں کا آرڈر دیا گیا ہے، اس نے اس پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔
اس کے چیف آپریٹنگ آفیسر سٹیفن پوپ نے ایک بیان میں کہا کہ ’اس سنگ میل سے ہمارے اور اکاسا کمپنی کے درمیان مضبوط شراکت داری کی عکاسی ہوتی ہے۔‘
بوئنگ جہازوں کی فروخت کی مارکیٹ پر نظر رکھنے والے اداروں کی جانب سے جنوب ایشیائی خطے میں اگلے 20 برس کے دوران 2705 نئے تجارتی جہازوں کی فراہمی کی پیش گوئی کی گئی ہے جن میں سے تقریباً 90 فیصد سنگل جیٹس ہوں گے۔

شیئر: