Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رام مندر کا افتتاح: بالی وڈ کے کون سے ستارے مدعو اور کون کون نظرانداز؟

اکشے کمار اور کنگنا رناوت کو دعوت دی جا چکی ہے جبکہ سلمان خان اور شاہ رخ خان کو مدعو نہیں کیا گیا (فوٹو: کوئی موئی)
انڈیا کی ریاست اترپردیش کے شہر ایودھیا میں رام مندر کا افتتاح 22 جنوری کو ہو رہا ہے، اس تاریخی لمحے میں شرکت کے لیے نمایاں شخصیات کو دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں جن میں بالی وڈ، کرکٹ اور سیاست کے میدان سے نام شامل ہیں۔
انڈیا کی شوبز ویب سائٹ کوئی موئی کے مطابق ’پران پراتشتھا‘ کے نام سے ہونے والی اس تقریب کا بے چینی سے انتظار کیا جا رہا ہے۔
اس میں شرکت کے لیے جن نمایاں کو دعوت دی گئی ہے ان کے نام انٹرنیٹ پر پہلے ہی سامنے آ چکے ہیں تاہم کچھ ایسے مشہور نام ایسے بھی ہیں جن کو اس کے لیے مدعو نہیں کیا گیا۔
جن بالی وڈ سٹارز کو دعوت نامے موصول ہو چکے ہیں ان میں عالیہ بھٹ، رنبیر کپور، اکشے کمار، کنگنا رناوت، ٹائیگر شروف، جیکی شروف، ہری ہرن، امیتابھ بچن، ایوشمن کُھرانا، انوشکا شرما اور رندیپ ہودا شامل ہیں۔
یہ نام سامنے آتے ہی فہرست انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی اور صارفین نے حیرانی سے پوچھنا شروع کیا کہ شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کے نام کہاں ہیں، کیا ان کو مدعو نہیں کیا گیا؟
یہی نہیں اس فہرست میں کرن جوہر، کترینہ کیف، شلپا سیٹھی، سنجے دت سمیت بالی وڈ کے دیگر اہم نام بھی دکھائی نہیں دے رہے۔
یہ امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ  ہو سکتا ہے کہ امیتابھ بچن تو ایونٹ میں شریک ہوں لیکن ان کی بہو ایشوریا رائے بچن شریک نہ ہوں۔
دوسری جانب ایسی کوئی اطلاع بھی ابھی تک سامنے نہیں آئی کہ بالی وڈ کی مشہور جوڑیاں جیسے رنویر سنگھ، دیپکا پاڈوکون، کرینہ کپور اور سیف علی خان کو رام مندر کی تقریب کے لیے مدعو کیا جا رہا ہے یا نہیں۔
اسی طرح موہنالی، رجنی کانت، انوپم کھیر، مادھوری ڈکشٹ، چرن جیو، سنجے لیلا بھنسالی، دھنوش، رشاب شیٹھی، مدھر بھندرکر، اجے دیوگن، یش، پراہابس، رام چرن اور سنی دیول کے نام بھی ایسے ہیں جن کو ابھی تک تقریب میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ہے۔
ٹی وی کی دنیا کے او جی رام، لکشمن، ارون گوویل، دیپکا چکھلیا اور سنیل لہری تقریب میں شرکت کے لیے پہلے ہی ایودھیا پہنچ چکے ہیں۔

شیئر: