Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلمان کی جگہ شاہ رخ خان، فلم بینوں کو ’انشااللہ‘ کا انتظار

سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’انشااللہ‘ کا اعلان 2018 میں کیا گیا تھا (فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام)
سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’انشا اللہ‘ کا انتظار اگرچہ کافی طویل ہو گیا ہے مگر شائقین کا جوش کم نہیں ہوا، جس کی وجہ اس کی کاسٹ میں ہونے والی مسلسل تبدیلی ہے اور اس کے لیے اب جو نام سامنے آیا ہے اس نے فلم کی اہمیت کو اور بھی بڑھا دیا ہے۔
 شوبز کی معروف ویب سائٹ کوئی موئی کے مطابق فلم کا اعلان 2018 میں کیا گیا تھا اور یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اس میں سلمان خان مرکزی کردار ادا کریں گے۔
2018 میں ہی جب ایک تقریب میں سلمان خان سے فلم کے بارے میں پوچھا گیا تھا تو انہوں نے اس کا اشارہ دیتے ہوئے فقط اتنا کہا کہ انہوں نے فلم کی سٹوری سن رکھی ہے، جس سے اس خیال کو تقویت ملی کہ وہی اس میں کام کر رہے ہیں، تاہم سنجے لیلا بھنسالی کی جانب سے اس بارے میں خاموشی چھائی رہی، اس حوالے سے سوالات کے بھی گول مول جواب دیتے رہے۔
پھر اسی سال یعنی 2018 میں ہی یہ خبر سامنے آئی کہ دیپکا پاڈوکون بھی فلم کا حصہ ہوں گی جبکہ یہ خبر بھی گردش میں رہا کہ اس میں انوشکا شرما بھی اہم کردار نبھائیں گی۔
اس کے بعد سننے میں آیا کہ عالیہ بھٹ کو مرکزی کردار کے لیے فائنل کر لیا گیا ہے اور وہ سلمان خان کے ساتھ ہیروئن ہوں گی۔

کوئی موئی کے مطابق شاہ رخ خان اب سلمان خان کا کردار نبھائیں گے (فوٹو: این ڈی ٹی وی)

2019 میں یہ صورت حال اس وقت بدل گئی جب یہ رپورٹ سامنے آئی کہ سلمان خان کسی بات پر سنجے لیلا بھنسالی سے اختلاف کرتے ہوئے فلم سے الگ ہو گئے ہیں۔  
اس کے بعد سلمان خان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’سنجے تب سے میرے دوست ہیں جب میں نے ’خاموشی‘ فلم بھی نہیں کی تھی، وہ مجھے منیشا کوئرالہ کے ہمراہ ملنے آئے، جس کے بعد ہم نے ’ہم دل دے چکے صنم‘ کی منصوبہ بندی کی۔‘
اس کے بعد انہوں نے فلم انشا اللہ کے بارے میں بتایا، مجھے اس کی کہانی اچھی لگی اور میں نے اس میں کام کا فیصلہ کیا۔
اس کے بعد بھی انہوں نے ایک ایسا جملہ کہا جس سے فلم بینوں کو محسوس ہوا کہ وہ اس فلم میں کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’سنجے لیلا سے اچھا تعلق ہے، ہمارے درمیان کچھ بھی تبدیل نہیں ہوا اور آگے بھی ان کی فلموں میں کام کروں گا، انشا اللہ۔‘
فلم کے سیٹ بنانے والوں کی جانب سے یہ خبر سامنے آ چکی ہے کہ عالیہ بھٹ نے شوٹنگ شروع  کر دی ہے مگر پھر سلمان خان کا اختلاف سامنے آیا۔

یہ رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں کہ فلم ’انشااللہ‘ میں عالیہ بھٹ کی جگہ اب دیپکا پاڈوکون کام کریں گی (فوٹو: انسٹاگرام، دیپکا پاڈوکون)

فینز کا خیال تھا کہ اب شاید فلم نہ بنے مگر ایسا نہیں ہے اور ایسی خبریں سامنے آئی ہیں کہ سنجے لیلا نے شاہ رخ خان سے رابطہ کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کردار کی مناسبت سے شاہ رخ خان کا انتخاب انتہائی موزوں ہے تاہم یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ کیا عالیہ بھٹ بطور ہیروئن برقرار رہیں گی یا کوئی دوسری اداکارہ لائی جائیں گی۔
شاہ رخ خان کی سکرین کیمسٹری پر نظر رکھنے والوں کا خیال ہے دیپکا پاڈوکون ان کی ہیروئن ہوں گی، جیسا کہ انہیں ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ میں بہت پسند کیا گیا ہے۔
 ویب سائٹ کے مطابق اگر ایسا ہوتا ہے تو پھر یہ سمجھنا زیادہ مشکل نہیں کہ سنجے لیلا بھنسالی کے ہاتھ میں 500 کروڑ سے زائد کا پراجیکٹ ہے۔

شیئر: