Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے کن 51 مقامات پر کیمپنگ کی اجازت ہوگی؟

خیمہ پرمٹ جاری کرانے کے لیے ایک پلیٹ فارم کا آغاز کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں نباتات کی افزائش کے قومی مرکز نے 51 مقامات پر خیمہ پرمٹ جاری کرانے کے لیے ایک پلیٹ فارم کا آغاز کیا ہے۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب کے آٹھ ریجنوں میں 51 مقامات پر خیمے لگانے کی سہولت دی جارہی ہے۔  ان مقامات پر 13950 سے زیادہ خیمے نصب کیے جاسکتے ہیں۔ 
پرمٹ کی کارروائی کے لیے موبائل سے  رابطہ کرکے پورٹل پر مطلوب معلومات درج کرانا ہوں گی۔
علاوہ ازیں قومی مرکز کی جانب سے جاری اقرار نامے  پر دستخط بھی کرنا ہوں گے۔ 
سعودی عرب میں موسم بہار کے دوران ہزاروں شہری سرسبز مقامات پر خیمے نصب کرکے خوشگوار لمحات گزارتے ہیں۔
قومی مرکز نے  خیموں  کی تنصیب کو منظم کرنے کے لیے قواعد و ضوابط  تیار کیے ہیں۔
قدرتی مناظر سے لطف اٹھانے کا موقع مہیا کرتے ہوئے  سبزہ زاروں کو کسی قسم کا نقصان پہنچانے سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر بھی جاری کی ہیں۔ 
قومی مرکز برائے افزائش نباتات  نے مقررہ مقامات پر خیمےنصب کرنے والوں سے کہا کہ وہ اپنے ہمراہ ابتدائی طبی امداد سامان، ضرورت جتنا پانی اور کھانا ساتھ لے کر جائیں۔ جنگلات میں درندوں سے بچاؤ کے لیے حفاظت کا بھی اہتمام کریں۔ خیمے کے دائرے  میں باربی کیو یا الاؤ کا اہتمام محفوظ طریقے سے کریں۔ ایسا کوئی کام نہ کریں جس سے سبزہ زاروں کو نقصان پہنچے۔

شیئر: