Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں کیمپنگ : سحر انگیز ٹیلوں میں خوبصورتی کی تلاش

بے پناہ ایسے مناظر ہیں جو فطرت سے جڑنے والوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ فوٹو انسٹاگرام
سعودی عرب میں کیمپنگ، مہم جوئی کرنے والوں کو  وسیع صحرا کے سحرانگیز ٹیلوں میں بے مثال خوبصورتی تلاش کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق شہر کی زندگی کی ہلچل سے دور سکون ڈھونڈنے والوں کے لیے کیمپنگ کا شوق ایک پرسکون ماحول پیش کرتا ہے۔
فطرت کو قریب سے دیکھنے والے شائقین کے لیے کیمپنگ اور اس طرح کی مہم جوئی کا شوق  ہمیشہ ہی ناقابل فراموش تجربہ رہا ہے۔ 
مملکت میں موجود ایسے بے پناہ مناظر، فطرت سے جڑنے اور دیرپا یادیں اکٹھی کرنے کے لیے آنے والوں کا مہمان نوازی کے ساتھ گرمجوشی سے خیرمقدم کرتے ہیں۔
مملکت کے دارالحکومت ریاض میں اکتوبر کے آخر سے فروری کے شروع تک بارش کا موسم اپنے ساتھ سردیوں اور کیمپنگ سیزن کے آغاز کا اعلان بھی کرتا ہے۔
اس عرصہ میں بہت سے شوقین حضرات صحرا کا رخ کرتے ہیں، خاندان، دوستوں اور پیاروں کے ساتھ وقت گزارتے ہیں، شہر کی مصروف زندگی  سے دور خوبصورت موسم سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

کیمپنگ کے شوق کے لیےخواتین زیادہ دلچسپی لے رہی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

کیمپنگ میں دلچسپی رکھنے والوں کو چاہئے کہ اپنی مہم جوئی کا آغاز ’ریف شقراء‘  سے کریں، یہ ایک ایسا مقامی سٹور ہے جہاں کیمپنگ کے لیے ہر قسم کا سامان دستیاب ہے۔
اس منفرد سٹور میں مختلف  قسم کے کھانوں سے لے کر مصالہ جات اور دیگر آلات منظم انداز میں استعمال کے لیے بالکل تیار یہاں آپ کو مل جائیں گے۔
کیمپنگ کے لیے روانہ ہونے سے قبل الرمایہ سٹور بھی بہترین مقام ہے،  25 سال پہلے کھلنے والے اس سٹور میں کیمپنگ اور آؤٹ ڈور کے لیے ضروری سامان جیسے خیمے، آگ جلانے کے لیے خصوصی انتظام کے ساتھ سامان اور کیمپنگ میں استعمال  کے لیے خاص قسم کے فریج دستیاب ہیں۔

مہم جوئی کا شوق  ہمیشہ ہی ناقابل فراموش تجربہ رہا ہے۔  فوٹو عرب نیوز

منفرد پیشکش میں ایسی سہولیات بھی دستیاب ہیں کہ وسیع صحرا کی سحرانگیزیوں میں گم ہو جانے والوں کے لیے دن بھر کی ضروریات کے سامان کے ساتھ گاڑی بھی تیار کی جاتی ہے۔
سٹور کارکن سلطان عبدالعزیز نے بتایا ہے کہ کیمپنگ کا شوق پورا کرنے کے لیے مردوں سے زیادہ خواتین زیادہ دلچسپی لے رہی ہیں اور گاڑیوں میں متعلقہ ضروری سامان رکھنے کی درخواست کر رہی ہیں۔ 
سلطان عبدالعزیز نے بتایا کہ بہت سے دیگر ضروری اشیاء کے ساتھ گاڑی کے ساتھ خیمے کی تنصیب شامل ہے کہ کیمپنگ کے لیے جانے والوں کو خود تیار کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔

کیمپنگ اور مہم جوئی کا ضروری سامان سٹورز پر دستیاب ہے۔ فوٹو انسٹاگرام

ریاض سے 110 کلومیٹر کے فاصلے پر روضہ خریم کا علاقہ کیمپنگ کے لیے معروف سائٹس میں سے ایک ہے۔ اس علاقے کی فطری خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے ایک ریزرو میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
اپنے دامن میں خوبصورتی سمیٹے یہ علاقہ مکمل طور پر ریگستان نہیں لیکن حالیہ موسم کے دوران ہونے والی بارشوں کی وجہ سے زیادہ سرسبز منظر پیش کرتا ہے۔
ریاض شہر کے شمال مشرق میں 40 کلومیٹر دور ایک اور معروف سیرگاہ کنگ سلمان پارک ہے جو فیملی پکنک ایریا ہے، جس میں کیمپنگ کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں یہاں محفوظ طریقے سے  آرام دہ تجربات حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
سعودی عرب میں کیمپنگ کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، ٹور آپریٹرز، حکام اور مقامی کمیونٹیز ذمہ دارانہ اور پائیدار طریقوں کو منفرد انداز میں فروغ دے رہے ہیں۔
 

شیئر: