شعیب ملک ٹی20 میں 13 ہزار رنز بنانے والے پہلے ایشین کھلاڑی
شعیب ملک اور پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید نے شادی کر لی ہے (فوٹو: شعیب ملک ٹوئٹر)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے ٹی20 میں 13 ہزار رنز بنا کر نیا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
وہ ایشیا کے پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹی20 میں 13 ہزار رنز مکمل کیے ہیں، جبکہ دنیا بھر میں ان کا دوسرا نمبر ہے۔
شعیب ملک نے یہ ریکارڈ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ فورچون باریشال کی طرف سے کھیلتے ہوئے بنایا۔ انہوں نے رنگ پور رائیڈرز کے خلاف ساتوان رن لے کر 13 ہزار رنز مکمل کیے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی کرس گیل ٹی20 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹر ہیں۔ کرس گیل نے ٹی20 فارمیٹ میں اب تک 14 ہزار 562 رنز بنائے ہیں۔
شعیب ملک کے بعد تیسرا نمبر ویسٹ انڈیز کے کپتان کیرون پولارڈ کا ہے جنہوں نے ٹی20 میں 12 ہزار 454 رنز بنائے، جبکہ 11 ہزار 994 رنز کے ساتھ وراٹ کوہلی کا چوتھا نمبر ہے۔
شعیب ملک فارچون باریشال کی طرف سے اگلا میچ کھلنا ٹائیگرز سے پیر کو شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلیں گے۔
وہ اگلے ماہ 42 سال کے ہو جائیں گے۔ انہوں نے پاکستان کے لیے 35 ٹیسٹ، 287 ایک روزہ اور 124 ٹی20 میچ کھیلے ہیں۔ شعیب ملک پاکستان کے لیے آخری بار 2021 میں شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے تھے۔
واضح رہے کہ شعیب ملک اور پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید نے شادی کر لی ہے۔
سنیچر کو شعیب ملک نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر دو ایسی تصاویر شیئر کیں جن میں وہ دولہا کے روپ میں اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ موجود ہیں جو دلہن کا لباس زیب تن کیے ہوئے ہیں۔
تصاویر کے ساتھ انہوں نے انگریزی اور عربی میں لکھا کہ ’اور ہم نے تم کو جوڑوں کی شکل میں بنایا۔‘
اس سے قبل شعیب ملک انڈین ٹینس سٹار ثانیہ مرزا سے 2010 میں شادی کی تھی، اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔