Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ثانیہ مرزا سے علیحدگی کی خبروں کے بعد شعیب ملک نے اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کرلی

شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی 2010 میں ہوئی تھی (فوٹو: ٹوئٹر شعیب ملک)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید نے شادی کر لی۔
سنیچر کو شعیب ملک نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر دو ایسی تصاویر شیئر کیں جن میں وہ دولہا کے روپ میں اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ موجود ہیں جو دلہن کا لباس زیب تن کیے ہوئے ہیں۔
تصاویر کے ساتھ انہوں نے انگریزی اور عربی میں لکھا کہ ’اور ہم نے تم کو جوڑوں کی شکل میں بنایا۔‘
اس سے قبل شعیب ملک انڈین ٹینس سٹار ثانیہ مرزا سے 2010 میں شادی کی تھی، اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔
دسمبر 2022 میں جوڑے کے درمیان علیحدگی اور خبریں گردش میں رہیں تاہم واضح طور پر تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
ثانیہ مرزا انڈیا میں اپنے بیٹے ازہان ملک کے ساتھ جب کہ شعیب ملک پاکستان میں مقیم ہیں۔
2020 میں اداکارہ  ثنا جاوید کی شادی گلوکار عمیر جسوال سے ہوئی تھی۔ گزشتہ برس دونوں کی علیحدگی کی خبریں زیر گردش تھیں۔  
شعیب ملک کی ٹویٹ سامنے آتے ہی فوراً وائرل ہو گئی اور تبصروں میں کچھ صارفین انہیں مبارک باد دے رہے ہیں جبکہ زیادہ تر صارفین حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔
بعض صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ثنا جاوید تو پہلے سے شادی شدہ ہیں۔
ڈاکٹر احمد ریحان خان نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’کیا ثنا جاوید نے سنگر عمیر جسوال کے ساتھ شادی نہیں کی تھی، کیا عجیب وقت آ گیا ہے۔‘

اسی طرح سعدیہ نے پوچھا کہ ’کیا واقعی ایسا ہے، ثنا جاوید اور شعیب ملک۔‘ اس کے آگے انہوں نے حیرت ظاہر کرنے والے ایموجیز لگائے ہیں۔

انسانی حقوق کی کارکن نگہت داد نے ایکس پر لکھا کہ ’ثانیہ مرزا ابھی تک اپنے انسٹاگرام پر محتاط انداز میں بات کر رہی ہیں جبکہ یہ جینٹلمین نہ صرف چند ماہ میں آگے بڑھ گیا بلکہ شادی بھی رچا لی۔ یہ صورت حال 90 فیصد سنگل مدرز کی کہانی کی عکاس ہے جو بنیادی طور پر اپنے بچوں پر توجہ مرکوز کیے رکھتی ہیں جبکہ مرد اکثر تیزی سے آگے بڑھ جاتے ہیں۔‘

مقامی میڈیا پر بتایا جا رہا ہے کہ شادی کی تقریب چند روز پیشتر کراچی میں ہوئی جس میں قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔

’اپنی مشکل کا خود انتخاب کریں‘

ثانیہ مرزا نے 18 جنوری کو اپنی انسٹاگرام سٹوری میں شادی اور طلاق کے حوالے سے پوسٹ شیئر کی تھی۔
انہوں نے لکھا تھا کہ ’شادی اور طلاق دونوں ہی مشکل فیصلے ہوتے ہیں، اس لیے ایسا مشکل فیصلہ سوچ سمجھ کر کریں۔‘

ثانیہ مرزا انڈیا میں اپنے بیٹے ازہان ملک کے ساتھ رہتی ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

2022 کے آخر میں شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے درمیان علیحدگی کی خبریں زوروں پر رہیں۔
ثانیہ نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا تھا ’موٹاپا مشکل ہے اور فٹ رہنا بھی آسان نہیں، اپنی مشکل کا خود انتخاب کریں، قرض بھی مشکل ہے اور مالی طور پر نظم و ضبط بھی آسان نہیں۔ اپنی مشکل کا انتخاب کریں۔‘
’رابطہ قائم رکھنا مشکل ہے اور رابطہ منقطع کرنا اس سے بھی زیادہ مشکل ہے، اپنی مشکل کا انتخاب کریں۔‘

شیئر: