سعودی سینما گھروں میں 1.8 ارب ریال کا بزنس، 17 ملین سے زیادہ ٹکٹ فروخت
مملکت میں پانچ سال کے دوران فلموں کی مارکیٹ بہتر ہوئی ہے (فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں فلم اتھارٹی نے ’باکس آفس پر سعودی فلمیں‘ کے عنوان سے ایک ورچول پروگرام کیا۔ مختلف مقامی اور بین الاقوامی پلیٹ فارم پر سعودی فلموں کی پذیرائی اور باکس آفس پر ان کی مقبولیت کو اجاگر کیا گیا۔
عکاظ اخبار کے مطابق پروگرام میں سعودی عرب میں سینما انڈسٹری کی ممتاز شخصیات نے شرکت۔ فلمی صنعت میں دلچسپی رکھنے والوں اور فلم سازوں نے اپنے تاثرات بیان کیے۔
باکس آفس اور نماْئشی پلیٹ فارمز پر سعودی فلموں کی پذیرائی اور مقبولیت کا دائرہ وسیع سے وسیع تر کرنے کے لیے تجاویز بھی دی گئیں۔
ماہرین نے کہا کہ’ فلم اتھارٹی ایک حکمت عملی تیار کرے جس کے ذریعے فلم ڈسٹری بیوشن کا منظم ادارہ قائم کیاجائے۔ ایسا طریقہ کار اپنایا جائے کہ سعودی عرب اور منتخب بین الاقوامی مارکیٹوں میں سعودی فلموں کی طلب بڑھے۔‘
مملکت میں سینما گھروں کے افتتاح کے بعد سے پانچ سال کے دوران فلموں کی مارکیٹ بہتر ہوئی ہے۔
69 سینما گھروں میں 627 فلمی سکرینز نے اس حوالے سے کردار ادا کیا ہے۔
2022 اور 2023 کے دوران سالانہ کے حساب سے فلموں نے مملکت میں 900 ملین ریال سے زیادہ کا کاروبار کیا۔
دو سال کے دوران 1.8 ارب ریال کا کاروبار ہوا۔ 2023 میں فلم بینوں نے17 ملین سے زیادہ ٹکٹ خریدے۔