پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی کی صورتحال کے سبب انتظامیہ نے شہر کی چھ بڑی جامعات کو غیرمعینہ مدت تک بند کر دیا ہے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آفس کے فوکل پرسن عبداللہ تبسم نے بتایا کہ ان تعلیمی اداروں کو سکیورٹی خدشات کے سبب بند کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
پنجاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کو زوال کیسے آیا؟Node ID: 829611
انہوں نے بتایا کہ ’حساس اداروں نے متعلقہ جامعات سے متعلق سکیورٹی خدشات کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔ بندش کب تک رہی گی اس کے متعلق متعلق بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔‘
کون کون سی جامعات بند کی گئیں؟
اسلام آباد انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق اس وقت چھ یونیورسٹیز کو بند کیا گیا ہے جن میں اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی، قائداعظم یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی، ایئر یونیورسٹی، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور نمل یونیورسٹی شامل ہیں۔
The International Islamic University, Islamabad and its Constituent Units will remain closed from January 23, 2024 (Tuesday) to January 26, 2024 (Friday) due to the security situation in Islamabad.https://t.co/8gtZeEfv6I pic.twitter.com/OFmfLjC6Dn
— International Islamic University Islamabad (IIUI) (@IIUI_OFFICIAL) January 22, 2024
ایئر یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق یونیورسٹی کو آج انتظامی وجوہات کی بنا پر بند کیا گیا ہے۔ انہیں سکیورٹی خدشات سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا۔
’قائداعظم یونیورسٹی طلبہ کے احتجاج کے سبب بند‘
قائداعظم یونیورسٹی کے تعلقات عامہ کے آفیسر ندیم یاسر نے بتایا کہ اس وقت یونیورسٹی میں مخلتف طلبہ یونینز ہڑتال کر رہی ہیں جس کی وجہ سے امتحانات ملتوی کرتے ہوئے یونیورسٹی بند کی گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے متعدد بلاکس کھلے ہیں اور سٹاف اپنا کام کر رہا ہے۔‘
نمل یونیورسٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کا سٹاف کام کر رہا ہے تاہم طلبہ کو آج چھٹی دے دی گئی ہے۔ طلبہ اور ملازمین کو واپس گھر بھیج دیا گیا ہے۔‘
آج (پیر کو) بند کی جانے والی جامعات کے ملازمین اور طلبہ نے بتایا کہ انہیں اچانک یونیورسٹی انتظامیہ نے گھر جانے کو کہا اور بتایا گیا کہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر یونیورسٹی بند کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب آئی جی اسلام آباد پولیس اکبر ناصر خان نے پیر کو اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ’اسلام آباد میں سکیورٹی اور امن عامہ کے حالات قابو میں ہیں۔ اسلام آباد میں اس وقت غیرقانونی اجتماع پر پابندی ہے۔ کچھ لوگ جو ایسے اجتماع کرتے ہیں ہم انہیں منع بھی کرتے ہیں، اور اس کے باوجود انہیں سکیورٹی فراہم کرتے ہیں۔ لیکن سکیورٹی کی فراہمی دوطرفہ عمل ہے۔ اس میں آپ سب کا تعاون بھی شامل ہے۔‘
موجودہ سیکیورٹی حالات کے تناظر میں آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کا اہم پیغام۔#ICTP #Islamabad pic.twitter.com/n49izwHVGm
— Islamabad Police (@ICT_Police) January 22, 2024