Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ٹینس سٹار یارا الحقبانی مبادلہ ابوظبی اوپن ٹورنامنٹ کا حصہ ہوں گی

سعودی عرب کی یارا الحقبانی 14 برس کی عمر میں پروفیشنل کھلاڑی بن گئی تھیں (فائل فوٹو: سپلائیڈ)
ٹینٹس ٹورنامنٹ مبادلہ ابوظبی کے آغاز میں دو ہفتے سے کم وقت رہ گیا ہے اور اس کے لیے مزید تین کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ٹینس سٹار یارا الحقبانی اور جاپان کی ایناکوائیکی شامل ہوں گی جبکہ فلپائن کی الیگزینڈرا ایلا ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے کے مین ڈرا میں حصہ لیں گی۔
رواں برس یہ ٹورنامنٹ زید سپورٹس سٹی کے انٹرنیشنل ٹینس سینٹر میں تین سے 11 فروری تک جاری رہے گا جس میں قازقستان کی الینا ریبیکنا، یونان کی ماریہ شکری، اور جمہوریہ چیک کی باربورا کریجیکووا جیسی ٹینس سٹارز اپنا کھیل پیش کریں گی۔
سعودی عرب کی یارا الحقبانی 14 برس کی عمر میں پروفیشنل کھلاڑی بن گئی تھیں، انہوں نے 2022 میں بحرین کے جے فائیو عیسیٰ ٹاؤن ٹورنامنٹ میں تمارا ارماکووا کو شکست دے کر ٹینس کی پہلی سعودی خاتون فاتح کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
19 سالہ یارا الحقبانی کا کہنا ہے کہ ’میں بہت خوش ہوں کہ اس برس مجھے مبادلہ ابوظبی اوپن کے کوالیفائرز کا وائلڈ کارڈ دیا گیا اور میں عظیم کھلاڑیوں کے سامنے اپنا کھیل پیش کرنے کے لیے تیار ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مشرق وسطیٰ میں اس قسم کے ٹورنامنٹ کا انعقاد خوش کن ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ دلچسپ مقابلہ ہو گا۔‘
جاپان کی ایناکوئیکی 2023 میں یو ایس اوپن جونیئر سنگلز ٹورنامنٹ میں کوارٹر فائنل تک پہنچی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ’میں مبادلہ ابوظبی میں مقابلے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔ اس شاندار ایونٹ کا حصہ بننا ایک عظیم موقعہ  ہے۔‘
فلپائن کی 17 سالہ الیگزینڈرا ایلا گرینڈ سلام کی تین مرتبہ فاتح رہ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’اس بڑے مقابلے میں شرکت کا زبردست موقعہ ہے۔ اس کے ذریعے مزید تجربہ حاصل ہو گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اپنے کیریئر کے اس مرحلے میں مجھے بہترین کھلاڑیوں کے مدمقابل خود کو آزمانا ہے۔ میں امارات کے ٹینس شائقین کے سامنے کھیلنے کے لیے بے تاب ہوں۔‘

شیئر: