Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ٹینس پلیئر یارا الحقبانی نے انٹرنیشنل چیمپیئن شپ جیت لی

یارا الحقبانی نے کہا تھا کہ وہ ٹینس کھیلنے والی ہر سعودی لڑکی کی حوصلہ افزائی کریں گی (فوٹو: یارا الحقبانی۔ انسٹاگرام)
سعودی یارا الحقبانی نے آئی ٹی ایف بحرین انٹرنیشنل ٹینس چیمپئن شپ اپنے نام کر لی ہے۔
عربی میگزین ‘سیدتی‘ کے مطابق یارا الحقبانی نے رینکنگ میں نمبر ون رہنے والی روسی حریف ارموکووا کو دو چھ کے مقابلے میں چار چھ پوائنٹس کے ساتھ شکست دی ہے۔
یارا الحقبانی کی یہ دوسری بڑی کامیابی ہے۔ اس سے قبل یارا الحقبانی اور برطانوی کھلاڑی ہرستوفا نے روسی حریف ارموکووا اور ماریہ کو ٹورنامنٹ کے فائنل میں فیصلہ کن گروپ میں سات پوائنٹس کے ساتھ شکست دے کر سونے کا تمغہ اپنے نام کر لیا تھا۔
اخبار ’الشرق الأوسط‘ کے مطابق یارا الحقبانی نے کم عمری ہی ٹینس کھیلنا شروع کر دیا تھا اور پھر وہ فتوحات سمیٹنے اور مملکت کا پرچم عالمی مقابلوں میں بلند کرنے والی سب سے کم عمر ٹینس کھلاڑی بن گئیں۔
یارا الحقبانی نے ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا ’مختصرا! یہی کہوں گا کہ یہ ٹائٹل اپنے ملک اور سعودی عرب میں کھیلوں میں دلچسپی رکھنے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کی ایک چھوٹی سی کوشش ہے۔‘
انہوں نے اپنے کھیل کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
اس سے قبل ایک بیان میں یارا الحقبانی نے کہا تھا کہ وہ ٹینس کھیلنے والی ہر سعودی لڑکی کی حوصلہ افزائی کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ ’میں اپنا وقت اور تجربہ ہر اس سعودی لڑکی کی مدد کے لیے وقف کرنا چاہوں گی جس کے پاس ریکیٹ ہے اور اس کا کوئی خواب ہے۔‘
17 سالہ یارا الحقبانی نے بہت سے اہم بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیا جن میں نیروبی انٹرنیشنل چیمپئن شپ، جونیئر اینڈ فیوچر ڈبلیو ٹی اے چیمپئن شپ اور اسلامی یکجہتی چیمپئن شپ شامل ہیں۔
یارا الحقبانی پیشہ ور ٹینس کھلاڑیوں کی صف میں پہلی سعودی خاتون کے طور پر شامل ہوئیں جبکہ ان کا نام 2018 سے الاتحاد کلب کے ساتھ بھی رجسٹرڈ ہے۔
خواتین کی پیشہ ورانہ ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں یارا ​​الحقبانی 767 ویں نمبر پر ہیں۔

شیئر: