مملکت کے بیشتر علاقوں میں جمعرات سے پیر تک موسم غیر مستحکم، شہری دفاع کا الرٹ
جمعرات 25 جنوری 2024 0:03
مکہ ، طائف، میسان اور اضم میں گرد آلود تیز ہوائیں چلیں گی (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ ’جمعرات سے پیر تک سعودی عرب کے بیشتر علاقوں کا موسم غیر مستحکم رہے گا۔ تمام لوگ احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں۔‘
اخبار24 کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے بیان میں کہا کہ’ شہری اور مقیم غیر ملکی محفوظ مقامات تک خود کو محدود رکھیں۔ وادیوں اور سیلاب والے مقامات سے دور رہیں۔ ایسے نشیبی علاقوں میں جہاں بارش کا پانی جمع ہو تیراکی سے گریز کیا جائے۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’مکہ مکرمہ ریجن میں بوندا باندی سے درمیانے درجے تک کی بارش ہوگی۔ سیلاب آجائے اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔‘
شہری دفاع کا کہنا ہے کہ’ مکہ مکرمہ شہر، طائف، میسان اور اضم میں گرد آلود تیز ہوائیں چلیں گی۔‘
’عسیر، جازان، باحہ، تبوک، شمالی حدود، الشرقیہ اور الجوف ریجنوں میں بھی گرد آلود ہواؤں اور بارش کے امکانات ہیں۔‘