Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تربت: مسلح افراد کی الیکشن کمیشن کے دفتر میں گھسنے کی کوشش، پولیس اہلکار ہلاک

وزیر اعلی کا کہنا ہے کہ تربت میں الیکشن کمشنر کے دفتر پر فائرنگ کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بلوچستان کے ضلع کیچ میں الیکشن کمیشن کے دفتر میں مسلح شدت پسندوں کے گھسنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس کے مطابق جمعرات کی دوپہر کو کیچ کے علاقے تربت میں زراعت کالونی میں واقع الیکشن کمیشن کے علاقائی دفتر پر نامعلوم شدت پسندوں نے حملہ کردیا۔ ملزمان نے پہلے دستی بم پھینکا اور اس کے بعد اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔
ڈی ایس پی تربت چاکر بلوچ نے اردو نیوز کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کے دفتر کی سکiورٹی پر پانچ اہلکار تعینات تھے جنہوں نے مسلح حملہ آوروں کے الیکشن کمیشن میں گھسنے کی کوشش ناکام بنائی اور بھر پور مقابلہ کیا۔
جوابی فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے تاہم فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار نمروز بلوچ زخمی ہوگیا۔
انہو نے بتایا کہ زخمی اہلکار بعد ازاں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ ایس ایس پی کیچ ضیا مندوخیل اور دیگر افسران نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔
یہ حملہ نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان ڈومکی کے دورے کے ایک روز بعد ہوا ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ انتخابات کے دوران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے گئے تھے انہوں نے سخت سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی تھی۔
نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان نے الیکشن کمیشن کے دفتر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے محکمہ داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ایک بیان میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ انتخابی عمل میں رخنہ ڈالنے کی سازش ہے تاہم صوبائی حکومت پرعزم ہے کہ انتخابات کے لیے عوام اور امیدواروں کو پرامن اور سازگار ماحول کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔
تربت میں الیکشن کمشنر کے دفتر پر فائرنگ کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا ہے۔
کیچ میں ایک مہینے کے دوران یہ چوتھا حملہ ہے۔ دس جنوری کو مسلم لیگ ن کے این اے 258 پنجگور کم کیچ سے امیدوار سابق صوبائی وزیر اسلم بلیدی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔
چار روز پہلے کیچ کے علاقے دشت میں نامعلوم حملہ آوروں نے نیشنل پارٹی کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار لالہ رشید کے قافلے پر حملہ کیا تاہم وہ بال بال بچ گئے۔
بلوچستان میں انتخابی عمل پر حملوں میں روز بروز اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں خاران میں الیکشن کمیشن کےد فتر اور مستونگ میں پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر بھی دستی بم حملے ہوچکے ہیں۔

شیئر: