’مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں تین مقامات پر زائرین ڈیرے نہ ڈالیں‘
اتوار 21 جنوری 2024 19:27
اس سے آنے جانے میں رکاوٹ اور رش بڑھتا ہے (فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ ’وہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں تین مقامات پر ڈیرے ڈالیں اور نہ ہی انہیں آرام کے لیے استعمال کریں۔‘
سبق ویب کے مطابق وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے’ یہ پابندی زائرین کی سلامتی ، نظام کی پابندی اور نماز و زیارت کے لیے آنے والوں کے سکون و اطمینان کےلیے لگائی گئی ہے۔‘
وزارت نے ایکس اکاؤنٹ پر بیان میں انتباہ کیا ’مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں سونا اور بستر لگانا زائرین کے لیے تکلیف کا باعث بنتا ہے۔‘
’ وہیل چیئر، ٹریک، راہداریوں اور ایمرجنسی گزر گاہوں میں سونے اور آرام کرنے سے گریز کیا جائے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ’ زائرین ہمیشہ یہ بات پیش نظر رکھیں کہ مسجد الحرام یا مسجد نبوی میں سونے یا بستر لگانے سے دیگر زائرین کی سلامتی خطرے میں پڑ جاتی ہے۔‘
’آنے جانے میں رکاوٹ اور رش بڑھتا ہے۔ سلامتی کے تقاضے متاثر ہونے کے ساتھ راستے کا حق معطل ہوتا ہے۔‘