Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کفیل کا انتقال ہونے پر کارکن ’خروج نہائی ‘ کیسے حاصل کرے؟

قانون کے مطابق کارکنوں کے تمام امور کی ذمہ داری اسپانسر کی ہوتی ہے(فوٹو،ایکس اکاونٹ)
سعودی محکمہ پاسپورٹ ’جوازات‘ کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق مملکت میں مقیم غیرملکی کارکنوں کے رہائشی پرمٹ کی تجدید و اجرا اسپانسر کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
کارکن کا خروج وعودہ (ایگزٹ ری انٹری) اور خروج نہائی (فائنل ایگزٹ ) اسپانسر کے ابشر اکاونٹ سے جاری کیا جائے گا۔ اس حوالے سے کارکن کو اختیار نہیں کہ وہ اپنا فائنل ایگزٹ ویزہ جاری کرائے۔
جوازات کے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاونٹ پرایک شخص نے دریافت کیا کہ ’اسپانسر کا انتقال ہوگیا ہے اس صورت میں فائنل ایگزٹ کیسے حاصل کیاجائے جبکہ اقامہ بھی ایکسپائرہوچکا ہے‘؟
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ ’ مذکورہ صورت میں متوفی کے ورثاء میں سے ایک شخص جس کے پاس قانونی معاملات کو نمٹانے کا وکالت نامہ ہو وہ جوازات سے رجوع کرے جہاں موجود اہلکار کو تصدیق شدہ وکالت نامہ پیش کرنے کے بعد کارکن کا فائنل ایگزٹ ویزہ جاری کرایا جاسکتا ہے‘۔
واضح رہے سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کی جانب سے کارکنوں کے اقامہ اور دیگر معاملات کی انجام دہی کے لیے ابشر پورٹل پرتمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
ابشرپورٹل کے ذریعے کارکنوں کے خروج وعودہ یا خروج نہائی سمیت اقامہ کی تجدید و اجرا کے معاملات انجام دیئے جاتے ہیں جس سے لوگوں کو کافی سہولت ہوتی ہے۔

اسپانسر کے انتقال کرنے کی صورت میں ورثاء میں سے کوئی ایک جوازات سے رجوع کرے(فوٹو، ایس پی اے)

ایسے کارکن جن کے اسپانسر کا انتقال ہوجاتا ہے ان کے قانونی معاملات کی انجام دہی کے لیے متوفی کے ورثاء میں سے کوئی ایک شخص عدالت کے ذریعے وکالت نامہ حاصل کرتا ہے جس کے بعد اسے اس بات کا اختیار ہوتا ہے کہ وہ جوازات یا دیگر اداروں سے متعلق معاملات کو انجام دے سکے۔

شیئر: