Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا اور پاکستان دونوں دعویدار، برطانوی راج کی بگھی نئی دہلی کو کیسے ملی؟

1984 تک بگھی یوم جمہوریہ کی تقریبات کے لیے استعمال میں تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
جمعے کو انڈیا کے 75 ویں یوم جمہوریہ کی صبح صدر دروپدی مرمو اور فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکخواں نے صدارتی رہائش گاہ راشٹرپتی بھون سے کرتویہ پتھ پر شاندار پریڈ دیکھنے کے لیے نوآبادیاتی دور کی ایک بگھی میں سفر کیا۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق 40 سال کے وقفے کے بعد تقریبات میں حصہ لینے کے لیے اس صدارتی بگھی نے معمول کی بلٹ پروف لیموزین کی جگہ لی۔

بگھی کی تاریخ

چھ گھوڑے اس سیاہ رنگ کی بگھی کو کھینچتے ہیں۔ اس آرام دہ بگھی میں سنہرے رنگ کے رِمز لگے ہیں اور اس کا اندرونی حصہ لال مخمل کا ہے جس پر ایک اشوک چکر بھی لگا ہوا ہے۔ یہ بگھی اصل میں برطانوی دور حکومت کے وائسرائے ہند کی تھی۔ یہ بگھی اُس وقت رسمی امور کے لیے استعمال ہوتی تھی۔
تاہم جب نوآبادیاتی دور حکمرانی ختم ہوئی تو انڈیا اور نوزائیدہ پاکستان دونوں نے اس پرتعیش بگھی کو حاصل کرنے کی کوشش کی۔ یہ فیصلہ کہ کون سا ملک اس بگھی کو رکھے گا، اس کے لیے دونوں ممالک نے ایک انوکھا حل نکالا۔

بگھی کی قسمت کا فیصلہ ٹاس کے ذریعے

دونوں پڑوسیوں نے بگھی کے حصول کے لیے فیصلہ قسمت پر چھوڑ دیا اور ٹاس کے ذریعے بگھی کے حصول کا فیصلہ کیا۔ انڈیا کے کرنل ٹھاکر گووند سنگھ اور پاکستان کے صاحبزادہ یعقوب خان نے ٹاس کیا اور بگھی انڈیا کے پاس رہ گئی۔
بعد میں انڈیا کے صدر نے حلف برداری کی تقریب کے لیے اس بگھی کا استعمال راشٹرپتی بھون سے پارلیمان تک کرنے کے لیے کیا۔
آزادی کے کئی سال بعد اس کھلی بگھی کا استعمال سکیورٹی خطرات کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا۔ اس روایتی گاڑی کی جگہ بلٹ پروف گاڑیوں نے لی۔
2014 میں اُس وقت کے صدر پرناب مکھرجی بیٹنگ ریٹریٹ کی تقریب میں شرکت کے لیے اس بگھی میں پہنچے تھے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق 1984 تک یہ بگھی یوم جمہوریہ کی تقریبات کے لیے استعمال میں تھی لیکن اُس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی کے قتل کے بعد اسے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اس کا استعمال بند کر دیا گیا تھا اور صدور نے تقریبات میں شرکت کے لیے لیموزین کا استعمال شروع کر دیا تھا۔

شیئر: