ٹیکساس..... اچھی جسمانی صحت کے معاملے میں اومیگا تھری پروٹین کی اہمیت آج تسلیم شدہ حقیقت کا درجہ رکھتی ہے جبکہ دماغ کو تقویت پہنچانے اور مضبوط بنانے میں بھی اس پروٹین کے نت نئے فائدے مسلسل سامنے آرہے ہیں۔کیلیفورنیا میں مختلف اداروں کی مشترکہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اومیگا تھری پروٹین (جسے اومیگا تھری فیٹی ایسڈ بھی کہا جاتا ہے) انسانی دماغ میں خون کا بہاﺅبہتر کرتے ہوئے نہ صرف ہماری یادداشت بہتر بناتا ہے بلکہ بڑی عمر کے لوگوں میں الزائمر سمیت کئی دماغی بیماریوں کی روک تھام بھی کرتا ہے۔اس مقصد کےلئے 166 رضاکاروں سے متعلق طبّی معلومات جمع کی گئیں جبکہ انکے غذائی معمولات کا جائزہ لینے کے علاوہ حساس آلات کی مدد سے ان کے دماغوں میں خون کے بہاﺅ اور متعلقہ دماغی سرگرمیوں کو بھی تفصیلاً کھنگالا گیا۔ مطالعے کے بعد معلوم ہوا کہ جو افراد اومیگا تھری فیٹی ایسڈ والی غذائیں بطور معمول استعمال کرتے ہیں وہ یادداشت کے معاملے میں بھی دوسروں سے بہتر رہتے ہیں ۔