میلے میں مختلف قسم کی تفریحی سرگرمیوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے(فوٹو، سبق نیوز)
گورنر جازان شہزادہ محمد بن ناصر بن عبدالعزیز نے نویں ’جازان شہد میلے ‘ کا افتتاح کردیا۔ میلہ العیدابی کمشنری میں منعقد کیا جارہا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق ریجن وزارت ماحولیات ،پانی وزراعت کی زیر نگرانی منعقد ہونے والے میلے میں شہد کی صنعت سے منسلک 80 افراد شرکت کررہے ہیں جنہوں نے اپنے فارمز سے حاصل کیا گیا شہد اسٹالوں پر سجایا ہے۔
جازان شہد میلہ دس روز تک جاری رہے گا جس میں ہرطبقہ عمر و فکر کے افراد کی دلچسپی کا سامان مہیا کیا گیا ہے۔ میلے میں جہاں شہد کے اسٹالز لگائے گئے ہیں وہاں بچوں کے لیے تفریح کا بھی عمدہ بندوبست کیا گیاہے۔
واضح رہے جازان ریجن میں شہد فارمز کی کثرت ہے اسی نسبت سے اس علاقے کو شہد کا مرکز بھی کہا جاتا ہے۔ ریجن میں 4 ہزار کے قریب شہد فارمز ہیں جبکہ شہد کی چھتوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 92 ہزار 364 بتائی جاتی ہے۔