Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الیکشن 2024: دولت مشترکہ کے مبصرین یکم فروری کو پاکستان پہنچیں گے

وفد کی سربراہی نائیجیریا کے سابق صدر ڈاکٹر گڈلک جوناتھن کریں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں اگلے ماہ ہونے والے عام انتخابات کے موقع پر دولت مشترکہ کے مبصرین کا وفد یکم فروری کو پاکستان پہنچ رہا ہے جو الیکشن کا مشاہدہ کرے گا۔
عرب نیوز کے مطابق وفد کی سربراہی نائیجیریا کے سابق صدر ڈاکٹر گڈلک جوناتھن کریں گے اور وفد میں 13 مبصرین شامل ہوں گے۔
یورپ کے الیکشن ماہرین کا 10 رکنی وفد پہلے ہی پاکستان میں ہے جو جنوری کے دوسرے ہفتے میں اسلام آباد پہنچا تھا۔ یہ وفد بھی الیکشن کے معاملات کا مشاہدہ کرے گا۔
پاکستان کے دورے کے حوالے سے کامن ویلتھ کی جانب سے پریس ریلیز جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ’ہمارے الیکشن آبزرورز گروپ سے پاکستان کے الیکشن کمیشن نے اپنے ملک کی وزارت خارجہ کی وساطت سے درخواست کی تھی۔‘
بیان کے مطابق ’الیکشن کمیشن کی درخواست پر 13 رکنی وفد کو بھیجا جا رہا ہے جو انتخابات کا مشاہدہ کرے گا اور انتخابی عمل مکمل ہونے تک پاکستان میں ہی رہے گا۔‘
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’پاکستان جانے والی ٹیم کے ارکان کا انتخاب کامن ویلتھ کی سیکریٹری جنرل پیٹیریشیا سکاٹ لینڈ نے کیا ہے جس میں ماہر ترین حکام شامل ہیں، یہ مبصرین پاکستان کے انتخابی عمل کا ایک جامع اور آزاد جائزہ پیش کریں گے۔‘

شیئر: