امدادی ایجنسی پر الزام، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا جواب
اتوار 28 جنوری 2024 11:53
اسرائیلی الزامات کے بعد کئی ممالک نے اقوام متحدہ کی ایجنسی کو اپنی فنڈنگ روک دی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے میں اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کے کئی عملے کے ارکان کو ملوث کرنے کے الزامات کے تناظر میں فوری کارروائی کی گئی۔
پیر کو جاری کیے ایک بیان کے مطابق ان الزامات کے جواب میں فیصلہ کرتے ہوئے ایجنسی کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے عملے کے 12 میں سے نو کو برطرف کر دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تصدیق ہوئی ہے کہ ایک ملزم کی موت ہو گئی تھی، اور باقی دو کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے ملکوں کی حکومتوں سے کہا کہ وہ ایجنسی کی مدد جاری رکھیں۔
اسرائیلی الزامات کے بعد کئی ممالک نے اقوام متحدہ کی ایجنسی کو اپنی فنڈنگ روک دی ہے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے ایک بیان میں کہا کہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث اقوام متحدہ کے کسی بھی ملازم کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا خواہ وہ فوجداری مقدمہ ہی کیوں نہ ہو۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اقوام متحدہ کا سیکریٹیریٹ اس طرح کے معاملات میں قانونی چارہ جوئی کرنے والی مجاز اتھارٹی سے اپنے طریقہ کار کے مطابق تعاون کرے گا۔‘
اس واقعے سے اقوام متحدہ کی ایجنسی نے 17 جنوری کو اپنی تنظیم کے مکمل اور آزادانہ جائزے کا اعلان کیا تھا جو شفافیت اور جوابدہی کے لیے اس کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔