Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میچ کے دوران کوہلی نے مجھ پر تھوکا‘، جنوبی افریقہ کے سابق کپتان کا دعویٰ

جب کوہلی نے ڈین ایلگر پر تھوکا تو انہوں نے بیٹ مارنے کی دھمکی دی (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈین ایلگر نے کہا ہے کہ ایک میچ کے دوران وراٹ کوہلی نے ان پر تھوکا تھا۔
ڈین ایلگر نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ واقعہ 2015 میں جنوبی افریقہ کے انڈیا کے دورے کے دوران پیش آیا  جب پہلے ٹیسٹ کے دوران سابق انڈین کپتان وراٹ کوہلی نے ان پر ’تھوکا‘، جس پر انہوں نے کوہلی کو بیٹ سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف کوہلی کی بطور کپتان ہوم گراؤنڈ پر یہ پہلی سیریز تھی۔
’بیٹ وے ساؤتھ افریقہ‘ کے یوٹیوب چینل پر ہونے والی پوڈکاسٹ میں ڈین ایلگر نے کہا کہ ’انڈیا کی وہ وکٹیں مذاق تھیں، جب میں بیٹنگ کے لیے آیا تو اشون اور جڈیجا کے خلاف خود کو سنبھالے ہوئے تھا کہ کوہلی نے مجھ پر تھوکا۔‘
ایلگر کا کہنا تھا ’میں نے گالی دیتے ہوئے کوہلی سے کہا کہ اگر دوبارہ ایسا کیا تو میں  بلے سے تمیہں ماروں گا۔‘
ایلگر نے پوڈکاسٹ میں بتایا کہ 2017-18 میں جب انڈیا نے جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تب کوہلی نے ڈرنکس بریک کے دوران اپنے رویے کے لیے ان سے معذرت بھی کی تھی۔
ایلگر نے کہا ’اس واقعے کے دو تین سال بعد کوہلی نے مجھے کہا کہ سیریز کے بعد کیا ہم جا کر ڈرنک پی سکتے ہیں، میں اپنے کیے کے لیے معافی مانگنا چاہتا ہوں۔‘
ایلگر نے اپنا آخری ٹیسٹ اس ماہ کے شروع میں انڈیا کے خلاف کیپ ٹاؤن کے نیو لینڈز میں کھیلا تھا۔
اپنے آخری ٹیسٹ میں ایلگر نے جنوبی افریقہ کی کپتانی کی اور ٹیمبا باوما انجری کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہو گئے تھے۔ تاہم انڈیا نے دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی تھی۔

شیئر: