Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نئے بورڈ میں خواتین کی ریکارڈ تعداد منتخب

ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے 13 افراد میں چھ خواتین ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے بورڈ ممبران میں گذشتہ روز اتوار کو نئے منتخب ہونے والوں میں 21 سالہ میڈیا پروفیشنلز باڈی کی فہرست میں پہلی بار تقریباً نصف تعداد خواتین کی ہے۔  
عرب نیوز کے مطابق ایسوسی ایشن کے نئے منتخب ہونے والےعہدیداران حال ہی میں صحافیوں کے بنائے گئے اتحاد ’مستقبل‘ کے رکن تھے جو آزاد صحافیوں اور فہرست میں شامل دیگر جرنلسٹس کے مقابلے میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے ہیں۔

سعودی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے اتحاد میں اخبارات و جرائد کے ایڈیٹرز اِن چیف، ڈپٹی ایڈیٹرز اور سعودی عرب کے بڑے اخبارات اور میڈیا ہاؤسز کے سینئر صحافی شامل ہیں۔
ایسوسی ایشن کے انتخابات میں 20 امیدواروں نے حصہ لیا اور کامیاب ہونے والے 13 افراد میں چھ خواتین شامل ہیں۔
انتخابات جیتنے والی چھ خواتین میں عرب نیوز کی ڈپٹی ایڈیٹر انچیف نور نُقلی، سعودی براڈکاسٹ اتھارٹی کی ذکریٰ محمد العطیوی، سیدتی میگزین کی ایڈیٹر انچیف لمیٰ الشتری، سعودی وزارت کھیل کی میڈیا ہیڈ فاطمہ العوفی، سعودی گورنمنٹ کمیونیکیشن سینٹر کی بشریٰ الربیعہ اور انڈیپنڈنٹ عربیہ کی اسسٹنٹ ایڈیٹر انچیف می الشریف ہیں۔

جیتنے والے سات مرد حضرات میں انڈیپنڈنٹ عربیہ کے ایڈیٹر عضوان الاحمری، عرب نیوز کے ایڈیٹر ان چیف فیصل جے عباس، العربیہ کے جنرل منیجر ممدوح المھینی، سعودی پیڈیا کے ایڈیٹر حامد الشھری، الشرق الاوسط کے ڈپٹی ایڈیٹر زید بن کمی، سبق نیوز کے ایڈیٹر علی الحازمی اور الاقتصادیہ اخبار کے مدیر محمد البیشی ہیں۔
سعودی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے  تمام 13 بورڈ ممبران چار سال کی مدت  کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔

ایسوسی ایشن کے انتخابات کے بعد نئے بورڈ ممبران  کا اجلاس ایسوسی ایشن کے صدر دفتر ریاض میں ہوا۔
اجلاس میں عضوان الاحمری کو متفقہ طور پر چیئرمین، فیصل جے عباس کو نائب چیئرمین اور بشریٰ الربیعہ کو خزانچی منتخب کر لیا گیا۔
سعودی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے مینڈیٹ میں صحافیوں کے مرتبے میں اضافہ، بہتر ادائیگوں اور حقوق کے لیے کام کرنا، مملکت میں صحافت کی سطح بڑھانے کے لیے درکار بنیادی ضروریات اور تربیتی پروگراموں سے آراستہ کرنا شامل ہے۔

منتخب بورڈ کے ارکان ایسوسی ایشن کے بنیادی مقاصد کی عکاسی کرتے ہوئے کام کی حکمت عملی تیار کر کے آئندہ اجلاس میں اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے۔
سعودی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کا آغاز 2003 میں ہوا تھا اور یہ میڈیا کے پیشہ ور افراد کی آزادانہ طور پر چلائی جانے والی یونین ہے۔
جرنلسٹس بورڈ ایسوسی ایشن  کے سابق چیئرمین خالد المالک الجزیرہ اخبار کے ایڈیٹر انچیف ہیں جو کہ سعودی عرب میں صحافیوں کے استاد سمجھے جاتے ہیں۔
 

شیئر: