سعودی عرب میں نوجوان کُل آبادی کا 44 فیصد
حکمت عملی کے تحت 20 انشیٹوز اور چالیس منصوبے نافذ کیے جائیں گے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی نے نوجوانوں کے حوالے سے ترقیاتی حکمت عملی جاری کی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق احمد الراجحی نے کہا کہ ’حکمت عملی کے اجرا کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں اپنی امنگیں پوری کرنے میں مدد دینا ہے۔‘
تقریب سے خطاب میں کہا کہ ’اعلی قیادت چاہتی ہے نوجوان سعودی وژن 2030 کے مطابق وطن عزیز کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔‘
’نوجوانوں کی ترقیاتی حکمت عملی 30 سے زیادہ سرکاری و نجی اداروں کے تعاون و شراکت سے تیار کی گئی ہے۔‘
الراجحی نے بتایا’ سعودی عرب میں نوجوانوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ نوجوان کل آبادی کا 44 فیصد ہیں۔ افرادی قوت میں ان کا حصہ 78 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’نوجوانوں کی ترقیاتی حکمت عملی پانچ بنیادوں پر قائم ہے۔ اس کا وژن یہ ہے کہ نوجوان قومی سرمایہ ہیں۔‘
’حکمت عملی کے ذریعے دس سٹراٹیجک اہداف حاصل کیے جائیں گے ان میں سے ایک ترقی کے عمل میں نوجوانوں کا کردار بڑھانا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’حکمت عملی کے تحت 20 انشیٹوز اور چالیس منصوبے نافذ کیے جائیں گے۔‘