سعودی نوجوان کی آسٹریلوی دوست کے لیے پرخلوص مہمان نوازی
سعودی نوجوان کی آسٹریلوی دوست کے لیے پرخلوص مہمان نوازی
پیر 8 جنوری 2024 22:46
اس سفر نے سعودی ثقافت کی اصل شناخت کو دریافت کیا اور یادگار بنا دیا۔ فوٹو عرب نیوز
ثقافتی لحاظ سے دوستی کی دل کو چھو لینے والی کہانی میں جدہ کے 14 سالہ عمر نے مملکت میں دو ہفتے کی مہم جوئی پر آئی 12 سالہ آسٹریلوی لڑکی آیا کی رہنمائی کا عزم کیا۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض اور جدہ کے شہری ہنگاموں سے لے کر طائف، باحہ اور عسیر کے قدرتی مناظر تک عمر کی پرخلوص مہمان نوازی میں آیا نے منفرد قسم کے سفر کا آغاز کیا۔
اس تاریخی سفر نے آیا کے لیے نہ صرف مملکت کی خوبصورتی کو ظاہر کیا ہے بلکہ سعودی عرب کی مہمان نوازی کو بھی خوب روشناس کرایا ہے۔
سعودی ٹورازم اتھارٹی کی ویب سائٹ https://www.visitsaudi.com/en کے ذریعے بنائی گئی ویڈیوز کی ایک سیریز میں ان دونوں کے مختلف علاقوں کے سفر کو دستاویزی شکل دی گئی ہے۔
مملکت کے تاریخی مقامات، بحر احمر، قدرتی عجائبات اور پررونق بازاروں سے گزرتے ہوئے ان دونوں دوستوں نے سعودی ثقافت کی اصل شناخت کو دریافت کیا اور یادگار بنا دیا۔
سعودی ٹورازم اتھارٹی کی ایک ویڈیو میں آیا کا کہنا ہے کہ ’میں دیکھ سکتی ہوں کہ آپ کو اپنے ملک پر اتنا فخر کیوں ہے اور یہ ہونا بھی چاہیے۔‘
سعودی نوجوان عمر کے ساتھ آسٹریلوی مہمان کو سعودی عوام نے گرمجوشی اور نہایت خلوص سے خوش آمدید کہا اور یہ جذبہ ان کے پورے سفر میں یکساں رہا۔
الدرعیہ کے دورے کے موقع پر آیا کا کہنا تھا کہ ’آپ اپنے ورثے سے متعلق کس قدر خوش نصیب ہیں اور یہ ورثہ واقعی خوبصورت ہے جس کی ہم سب قدر کرتے ہیں۔‘
اپنے اس منفرد سفر میں دونوں نے ریاض کی قریب الدرعیہ میں ثقافتی مارکیٹ ’سوق الزال‘ کا بھی دورہ کیا اور مقامی تاجروں سے گھل مل گئے۔
سعودی ثقافت کی خوبصورت انداز سے وضاحت کرنے پر آسٹریلوی مہمان نے سوق کے تاجروں کا شکریہ ادا کیا۔
جدہ کے تاریخی علاقے البلد میں گھومتے ہوئے عمر نے آسٹریلوی دوست کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’مجھے انتہائی خوشی ہے کہ اس قدیم تاریخی علاقے میں آپ ہمارے ساتھ ہیں۔‘
دونوں دوستوں نے سیاحتی علاقے باحہ کے سفر میں مقامی گائیڈ ابو فہد کی رہنمائی حاصل کی جو کہ عمر کے لیے بھی دلچسپ تجربہ تھا کیونکہ وہ بھی پہلی بار باحہ آئے تھے۔
یہاں خوبصورت آبشاروں کے اردگرد سرسبز و شاداب اور مسحور کن قدرتی حسن نے آسٹریلوی لڑکی کے لیے اسے پسندیدہ اور یادگار وزٹ بنا دیا۔
سعودی نوجوان عمر کا کہنا تھا کہ ’میں اپنے ملک سے محبت کرتا ہوں اور واقعتاً یہاں پہنچنے والے سیاحوں کو مملکت کی دلکشی اور یہاں کی خاص ثقافت دکھانا چاہتا ہوں۔‘
آسٹریلوی مہمان نے بتایا کہ ’یہاں آنے سے قبل میرے تصورات کچھ اور تھے، صحرائی خطے کے ساتھ گرم موسم، تاہم یہاں آ کر میری رائے بالکل بدل گئی ہے۔‘
آخر میں آسٹریلوی مہمان نے باحہ کے ناقابل یقین اور مسحور کن مقامات دکھا کر اپنے تاثرات تبدیل کرنے اور شاندار مہمان نوازی پر ابوفہد کا شکریہ ادا کیا۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں