Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی وزیر دفاع کا لبنانی سرحد پر جلد ’فوجی کارروائی‘ کرنے کا اعلان

اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ’مستقبل میں کارروائیوں کے لیے اضافی فوجیوں کو بتدریج ’تیار رہنے کے لیے‘ کہا جائے گا‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
غزہ میں اسرائیل اور حماس کی جنگ کے درمیان لبنان کے ساتھ کشیدگی میں اضافے کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے لبنانی سرحد کے قریب کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس حوالے سے اُن کا کہنا ہے کہ ’اسرائیلی فوجی لبنان کے ساتھ ملک کی شمالی سرحد کے قریب ’بہت جلد کارروائی کریں گے۔‘
انہوں نے محصور غزہ کی پٹی کے ساتھ سرحد کے قریب موجود فوجیوں کو بتایا کہ ’دیگر فوجیوں کو اسرائیل کے شمالی علاقے میں تعینات کیا جا رہا ہے۔‘
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ’اسرائیلی فوجی بہت جلد کارروائی کرنے جائیں گے، اس لیے شمال میں افواج کو دوبارہ تعینات کیا گیا ہے۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ ’مستقبل میں کارروائیوں کے لیے اضافی فوجیوں کو بتدریج ’تیار رہنے کے لیے‘ کہا جائے گا۔‘
گذشتہ برس 7 اکتوبر کو حماس اور اسرائیل کی لڑائی شروع ہونے کے بعد سے لبنان اسرائیل سرحد پر اسرائیلی فوج اور حماس کی اتحادی لبنان کی ایرانی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے درمیان تقریباً روزانہ فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا ہے۔
حزب اللہ نے پیر کو سرحد کے قریب اسرائیلی فوج کے ٹھکانوں پر کم سے کم 12 حملوں کی ذمہ داری قبول کی جن میں ایرانی ساختی فلق 1 اور برقان میزائلوں کا استعمال کیا گیا۔
بعد ازاں پیر کے روز ہی اسرائیلی فوج کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’اس نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔‘

شیئر: