Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برفباری دیکھنے والے سیاحوں کو مری میں داخلے کی اجازت مل گئی

اسلام آباد انتظامیہ نے گزشتہ رات کی پابندی کے بعد اب سیاحوں کو مری داخلے کی دوبارہ اجازت دے دی ہے۔
ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن کے مطابق مری میں برفباری کی وجہ سے ملک بھر سے سیاحوں نے مری کا رخ کیا ہے۔ اب سیاحوں کی واپسی کے بعد مزید سیاحوں کو مری داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔
سیاحوں کا داخلہ روکنے یا بند کرنے کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ مری کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا جاتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد اور مری سیاحوں کے حوالے سے مسلسل رابطے میں ہیں۔‘
گزشتہ روز مری میں ہونے والی برفباری کے بعد سیاحوں کی رش کو دیکھتے ہوئے مری اور اسلام آباد انتظامیہ نے مری میں سیاحوں کا داخلہ بند کر دیا تھا۔
اسلام آباد انتظامیہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مری میں برفباری اور سڑکوں پر پھسلن کی وجہ سے سیاحوں کا داخلہ بند کیا گیا تھا۔

ایکسپریس وے ٹول پلازہ پر گاڑیوں کا رش، شہری گھٹنوں خوار

اس وقت اسلام آباد ایکسپریس وے سے مری جانے والے راستے پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگیں ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے پابندی ہٹائے جانے کے بعد سیاح مری کا رخ کر رہے ہیں۔

مقامی افراد کو مشکلات کا سامنا

مری کے داخلی راستوں پر ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے سیاحوں کے ساتھ ساتھ مری جانے والے مقامی افراد کو بھی مشکلات کا سامنا ہے اور اُن کا سفر گھنٹوں پر محیط ہو گیا ہے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے مری کے ایک مقامی شہری ابراہیم عباسی نے بتایا کہ وہ آج صبح دو گھنٹے تک ایکسپریس وے ٹول پلازہ کے قریب ٹریفک جام میں پھنسا رہا۔ جس کے بعد انہیں دوبارہ جی ٹی روڈ سے مری میں داخل ہونا پڑا۔

مری میں اس وقت موسم کیسا ہے؟

ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا سلسلہ تھم چکا ہے۔ اس وقت مری کا مطلع صاف ہے اور سورج کی کرنیں زمین پر پڑ رہی ہیں۔

مری میں گزشتہ رات تک ایک فٹ تک برفباری ریکارڈ

پی ڈی ایم اے کے مطابق مری شہر اور گردونواح میں ایک فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ برفباری کا سلسلہ بدھ کو دن سے شروع ہوا جو رات تک جاری رہا تاہم اس وقت مری کا مطلع صاف ہے۔

برفباری کے سبب ایکسپریس وے اور جی ٹی روڈ پر گاڑیاں پھنسی رہیں

گزشتہ روز ہونے والی برفباری کی وجہ سے مری ایکسپریس وے اور جی ٹی روڈ پر گھنٹوں گاڑیاں پھنسی رہیں۔
مری انتظامیہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ایکسپریس وے اور جی ٹی روڈ پر پھنسی گاڑیوں کو کل رات ہی نکال لیا گیا تھا۔

مری ایکسپریس وے اور جی ٹی روڈ پر گھنٹوں گاڑیاں پھنسی رہیں۔۔ (فوٹو: سکرین گریب)

مری کی تمام شاہراہوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں

مری شہر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آج مری کی تمام شاہراہوں سے برف ہٹا دی گئی ہے اور ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ مری ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

محکمہ موسمیات کی چار فروری تک مزید برفباری کی پیش گوئی

ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں برفباری کا سلسلہ کل سے دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے جو وقفے وقفے سے چار فروری تک جاری رہ سکتا ہے۔

شیئر: