Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے مختلف شہروں میں ژالہ باری، پہاڑی علاقوں میں برفباری

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج 31 جنوری کو ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری رہا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ 18 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد کے علاقے گولڑہ موڑ میں 18، ایئرپورٹ، زیرو پوائنٹ 10 اور سید پور میں 09 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں 49 ملی میٹر بارش، کالام میں 8 انچ تک برف باری ہوئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ بارش مظفرآباد میں 49 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ راولاکوٹ 39 جبکہ مری میں 16 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس دوران کالام میں 08 ، مالم جبہ 07، مری 07 اور استور میں 01 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی۔
کالام میں سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ 
محکمہ موسمیات کے مطابق کالام گوپس منفی میں 05، سکردو منفی 03 ، ہنزہ اور راولاکوٹ میں درجہ حرارت منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد کا درجہ حرارت کم سے کم 8، لاہور 9، کراچی 18، پشاور 7 اور کوئٹہ میں 1 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یکم فروری کو بھی ملک کے شمالی علاقہ جات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یکم فروری بروز جمعرات کو بھی گگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، خطۂ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا شمالی علاقوں سفر سے گریز کا انتباہ

محکمہ موسمیات نے یکم فروری بروز جمعرات کو بھی مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، سکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی میں درمیانی سے شدید بارش/ برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

 مری میں برف باری سے ٹریفک متاثر، سیاحوں کا بھی رش

ڈی سی اسلام آباد کے مطابق 17 میل سے مری میں سیاحوں کا داخلہ بند کر دیا گیا۔ 
بیان کے مطابق مری میں اس وقت پہلے سے ہی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے اور داخلے پر پابندی کا فیصلہ مری انتظامیہ کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مری میں بارش اور برف باری کا سلسلہ آج رات بھی جاری رہے گا۔ سوموار سے جاری سپیل میں 07 انچ تک برف پڑچکی ہے. بارش اور برف باری کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ مری میں سڑکوں پر انتظامیہ کی جانب سے نمک کا چھڑکاﺅ کیا جارہا ہے۔ انتظامیہ الرٹ رہے اور کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔
بدھ کو راولپنڈی ٹریفک  پولیس نے بھی اپنے بیان میں کہا ’مری میں شدید برفباری ہو رہی ہے اس لیے سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔‘
پولیس نے مزید کہنا تھا کہ ’اگر ان علاقوں کا سفر کرنا ہو تو سنو چینز لازمی استعمال کریں اور گاڑیوں کے درمیان فاصلہ رکھیں۔‘

اسلام آباد میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کے باعث متعدد فیڈرز پر فالٹ اور ٹرپنگ 

ترجمان آئیسکو راجہ عاصم کے مطابق ہائی کورٹ چاکرا فورتھ روڈ، سیف سٹی، گلڈنہ، شاہ پور، فوارہ چوک، چونترہ گھڑیال، فتح جنگ، سموٹ، کھوڑ،  شمس آباد فیڈرز پر بجلی کی فراہمی میں عارضی تعطل ہے۔
میرا جعفر، چیئرنگ کراس، سوہاوہ، اپر ٹوپہ، عید گاہ، ٹمن چکری فیڈرز پر بھی بجلی کی فراہمی عارضی طور پر بند ہے۔ ترجمان کے مطابق آپریشن ٹیمیں فیڈرز فالٹز اور انفرادی شکایات کے ازالے کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں۔ 
محکمہ موسمیات کی جانب سے پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے والوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شیئر: