Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث پاکستانی عناصر کو ویزے نہ دیے جائیں‘

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی ہری پور کے جنرل سیکریٹر اللہ یار کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا‘ (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)
پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری عمر ایوب خان نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث عناصر کو ویزے جاری نہ کریں۔
اتوار کو پی ٹی آئی مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں عمر ایوب خان نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے ضلع ہری پور کے جنرل سیکریٹری اللہ یار خان کو پولیس نے گرفتار کیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔
بیان کے مطابق ’ایس ایچ او تھانہ ہری پور، ڈی ایس پی اور ڈی پی او عمر گنڈاپور نے بھی ان کی گرفتاری سے انکار کیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اللہ یار خان کے گھروالوں کو پولیس یہ نہیں بتا رہی کہ وہ کہاں ہیں اور ان پر الزامات کیا ہیں۔‘
ان کے بقول ’اللہ یار خان کی گرفتاری کو 24 گھنٹے گزر چکے ہیں اور انہیں جبری طور پر لاپتہ کیا گیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اللہ یار خان کے غائب ہونے کی ذمہ داری آئی جی پولیس کے پی، ڈی پی او ہری پور، ڈی ایس پی اور ایس ایچ سٹی پر عائد ہوتی ہے۔‘
انہوں نے الزام لگایا کہ ’یہ لوگ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔‘
انہوں نے یورپی یونین اور دیگر جمہوری ممالک سے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ایسے افراد کو ویزے جاری نہ کریں۔‘
خیال رہے پاکستان میں پچھلے سال نو مئی کو عمران خان کی گرفتاری پر پرتشدد احتجاج کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں کو کریک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑا اور اب بھی پارٹی کی جانب سے الزامات لگائے جاتے ہیں کہ اس کے کارکنوں کو ہراساں کیا جاتا ہے۔

شیئر: