Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عمران خان نے کبھی تشدد پر نہیں اکسایا‘ پی ٹی آئی رہنماؤں کی ’حلفیہ ویڈیوز‘

پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ’عمران خان ایک سچے اور محب وطن پاکستانی ہیں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
 پی ٹی آئی کے نمایاں رہنماؤں کی ایسی ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں وہ حلفاً کہہ رہے ہیں کہ انہیں کبھی عمران خان نے تشدد پر نہیں اکسایا۔
سنیچر کی صبح پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر (ایکس) پر کچھ رہنماؤں کی ویڈیوز اپ لوڈ کی گئی ہیں جن میں فردوس شمیم نقوی، حماد اظہر، علی امین گنڈاپور، علی نواز اعوان، عمر ایوب خان، عارف احمد زئی، اقبال آفریدی، عطااللہ ایڈووکیٹ، ذلفی بخاری، جمشید دستی اور دیگر کی ویڈیوز شامل ہیں۔
جبکہ اسی ہینڈل سے ایک مشترکہ ویڈیو بھی شائع کی گئی ہے جن میں یہ رہنما مختلف باکسز میں ایک ساتھ دکھائی دیتے ہیں جن میں سے بعض نے ہاتھ میں قرآن پاک بھی اٹھا رکھے ہیں۔
اس کے ساتھ لکھا گیا ہے ’تحریک انصاف کے عمران خان کے حق میں پیغامات‘
اس کے نیچے لکھا گیا ہے ’عمران خان نے ہمیشہ عدل و انصاف، آئین و قانون، اتحاد اور امن کا درس دیا۔ پی ٹی آئی کے کئی رہنما قرآن پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھا چکے ہیں کہ عمران خان ایک سچے اور محب وطن پاکستانی ہیں۔‘
فردوس شمیم نقوی ٹوپی پہنے کہتے نظر آتے ہیں کہ ’میں قرآن پر ہاتھ رکھ کر پورے ہوش و حواس میں حلف لے رہا ہوں کہ میں 27 سال سے تحریک انصاف سے منسلک ہوں اور مجھے میرے قائد عمران خان نے کبھی تشدد کی سیاست کا سبق نہیں دیا۔‘
اسی طرح حماد اظہر، عمر ایوب اور دیگر کی ویڈیوز میں یہ حلفاً کہا جا رہا ہے کہ عمران خان نے کبھی ان کو تشدد پر نہیں اکسایا۔

پی ٹی آئی کے رہنما عثمان ڈار کے دنیا نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پارٹی اور سیاست چھوڑنے کے اعلان کے بعد اسی جماعت کے رہنما صداقت عباسی کے حوالے سے بازگشت رہی کہ وہ بھی ایک انٹرویو میں اعلان کرنے والےہیں۔
وہ انٹرویو تو ابھی تک سامنے نہیں آیا تاہم ان کی ایک ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ گھر لوٹنے کے بعد اپنی روتی ہوئی والدہ سے گلے مل رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی ویڈیوز کے سامنے آنے کے بعد صارفین بھی ان پر تبصرے کر رہے ہیں۔

عنبر ماجد نے چند رہنماؤں کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’فردوس شمیم نقوی نے پارٹی کے بزرگ سیاست دان کی حیثیت سے بہترین ٹرینڈ سیٹ کیا ہے۔ اب عمر ایوب، علی امین گنڈاپور نے بھی حلفیہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے انہیں کبھی تشدد کی سیاست پر نہیں اکسایا۔
سیدہ تہمینہ نے فردوس شمیم نقوی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’نو مئی کی ریورس انجینیئرنگ قرآن پر حلف‘

حیدر سعید نے یاد دلایا کہ ’میں نے یہ حلف چھ جولائی کو اٹھایا تھا، کاش سب پہلے ہی یہ حلف اٹھا لیتے۔‘
ویسے تو پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی وزارت عظمٰی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوتے ہی مشکلات سے دوچار ہو گئی تھی تاہم اصل امتحان کا سامنا اسے نو مئی کے بعد سے ہے۔

یکے بعد دیگرے رہنماؤں کی گرفتاریوں کے بعد پریس کانفرنسز کا سلسلہ شروع ہوا جن میں سیاست سے علیحدگی یا پارٹی سے الگ ہونے کے اعلانات ہوتے رہے ہیں۔
اس وقت عمران خان کے علاوہ ان کی پارٹی کے دیگر کئی رہنما بھی گرفتار ہیں جن میں چوہدری پرویز الٰہی اور قریبی اتحادی شیخ رشید بھی شامل ہیں جبکہ تحریک انصاف کے بعض رہنما روپوش بھی ہیں۔

شیئر: