سوچی ، روس- - - - جنوب مغربی روس کے کراسنودار علاقے کے شہر سوچی میں لوگوں نے اچانک ایک انتہائی ہولناک منظر دیکھا اور منظر یہ تھا کہ 2بچے جو کار کے پچھلے حصے پر بیٹھے ہوئے تھے جھٹکا لگنے سے سڑک پر جا گرے اور بے خبر ماں جو ڈرائیو کر رہی تھی آگے بڑھتی ہی چلی گئی۔گرنے والے بچوں میں ایک 3سالہ لڑکی اور اس کا بڑا بھائی شامل تھا۔علاقے سے اس وقت گزرنے والے دوسرے ڈرائیور اور عام افراد یہ منظردیکھ کر حیران ششدر رہ گئے تاہم کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔جن ڈرائیوروں نے ان بچوں کو سڑک پر گرتے دیکھا انہوں نے یا تو اپنی گاڑی روک لی یا رفتار کم کر لی اور انہیں بچا بچا کر آگے سے گزرتے رہے ۔ مجرمانہ غفلت پر بچوں کی ماں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ سڑک پر گرنے کے سبب دونوں بچے زخمی ہو گئے تھے جن کی مرہم پٹی کر دی گئی ہے ۔ اس ہولناک حادثے کی ویڈیو خفیہ کیمرے کی مدد سے تیار ہوئی ہے ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بچوں کی ماں نے جو والوو کار چلا رہی تھی اچانک کسی وجہ سے بریک لگائی جس سے گاڑی کو جھٹکا لگا اور بچے کار سے باہر جا گرے ۔ اسپتال کے ذرائع کے مطابق بچے معمولی زخمی ہوئے ہیں اور ان کے زخم ایک دو دن میں بھر جانے کی قوی امید ہے ۔ اسی وقت قریب سے گزرنے والی گاڑی میں سوار دوسری عورتوں نے بھی بچوں کو سڑک پر گرتا دیکھ کر زبردست چیخ و پکار مچا دی۔ایک خاتون بچوں کو گھیر کر ان کے آگے کھڑی ہو گئی ۔ تھوڑی دیر کے لئے علاقے کی تمام ٹریفک روک دی گئی ۔ بچوں کے ساتھ ساتھ ایک بیگ بھی سڑک پر جا گرا تھا۔بچوں کی 39سالہ ماں زیر حراست ہے اور اس پر جلد ہی مقدمہ چلنے والا ہے ۔