Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں سونے کی قیمتوں میں 9 ہفتے مسلسل اضافے کے بعد پہلی مرتبہ کمی

18 قیراط ایک گرام سونے کے نرخوں میں 8 درھم کی کمی واقع ہوئی۔ (فوٹو الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹوں میں مسلسل 9 ہفتوں سے سونے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گزشتہ ہفتے پہلی مرتبہ کمی ریکارڈ کی گئی۔
 ایک ہفتے کے دوران مختلف قیراط کے فی گرام سونے کی قیمتوں میں 8 سے 10.5 درھم تک کی کمی ہوئی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق گولڈ شاپس اور شورومز کے عہدیداروں کا کہنا ہےسونے کی قیمتوں میں گزشتہ کئی ہفتوں سے اضافے کے بعد پہلی بار کمی ریکارڈ کی گئی جس سے مارکیٹ میں سونے کی طلب میں محدود بہتری آئی ہے۔
ایک گولڈ شوروم کے مینجر کا کہنا ہے سونے کی قیمتوں میں کمی سے نئے زیورات خریدنے کی ترغیب ملے گی اور سیاح یادگاری تحائف خریدیں گے۔ امید ہے آنے والے دنوں میں مارکیٹ میں بہتری آئے گی۔
 ایک گولڈ جیولری کمپنی کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا مارکیٹ میں اس حوالے سے مثبت اثرات نظر آئے ہیں اور صارفین نئے زیورات کی خریداری کررہے ہیں۔
گولڈ شوروم کے سیلز مینجر کا کہنا تھا رمضان کے دوسرے ہفتے میں مارکیٹ میں سونے کی طلب میں اضافے کی امید ہے۔صارفین عید الفطر پر سونے کے تحائف دینے کے لیے  پہلے سے خریداری کو ترجیح دیتے ہیں۔ اگر سونے کی قیمتوں میں مزید کمی ہو تو حالات بہتر ہوجائیں گے۔
گزشتہ ہفتے کے آخر میں امارات میں 24 قیراط ایک گرام سونے کے نرخ 343.25 درھم رہے اس میں 10.5 درھم کی کمی واقع ہوئی۔ 22 قیراط ایک گرام کی قیمت 319.5 درھم تک آگئی ۔اس میں 9.75 درھم کی کمی ہوئی۔
21 قیراط ایک گرام کے نرخوں میں 9.25 درھم کم ہوکر 306.75 درھم ہوگئے اسی طرح 18 قیراط ایک گرام کی قیمت میں 8 درھم کی کمی ہوئی۔ اس کے نرخ 262.5 درھم تک آگئے۔

 

شیئر: