Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ابشر‘ اور ’مقیم‘ پلیٹ فارم پر جوازات کی مزید 8 خدمات

پاسپورٹ کی گمشدگی کی اطلاع بھی ابشر کے ذریعے دی جاسکے گی(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ’جوازات‘ کی جانب سے ’ابشر‘ اور ’مقیم‘ پلیٹ فارم پر مزید 8 نئی سروسز کا آغاز کردیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے جوازات کے مرکزی دفتر میں ابشر اورمقیم پلیٹ فارم پر شروع کی جانے والی نئی سروسز کا افتتاح کیا۔
وزارت داخلہ کی زیرنگرانی کام کرنے والے امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’ابشر‘ پر چار جبکہ ’مقیم ‘ پلیٹ فارم پر بھی 4 خدمات کو جاری کی گئی ہیں۔
نئی جاری کی جانے والی خدمات کے تحت ابشر پلیٹ فارم استعمال کرنے والے صارفین اب مذکورہ پلیٹ فارمز کے ذریعے پاسپورٹ کی گمشدگی یا چوری کی رپورٹ کراسکیں گے۔
ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے وزٹرز اپنی سفری دستاویز گم ہونے کی بھی اطلاع دے سکیں گے علاوہ ازیں مملکت میں مقیم غیرملکی افراد کو اپنے بارے میں تفصیلی رپورٹ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ وزٹرز بھی اپنے حوالے سے رپورٹ حاصل کرسکیں گے۔
مقیم پلیٹ فارم کے ذریعے غیرملکی کارکنوں کے انگلش میں درج ہونے والے ناموں میں غلطی کی درستگی کی سہولت ہو گی۔ جبکہ کارکنوں کے اقامہ گم ہونے کی اطلاع کے علاوہ ویزوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکیں گی۔
نئی سروسز کی افتتاحی تقریب کے موقع پر جوازات کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئرسلیمان الیحیی کے علاوہ ’علم ‘ کمپنی کے سی ای او ڈاکٹر عبدالرحمان بن سعد بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جوازات بریگیڈیئرسلیمان الیحیی کا کہنا تھا کہ جوازات کی جانب سے لوگوں کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل خدمات کو بہتر سے بہتر بنایا جارہا ہے تاکہ لوگ اپنے گھروں یا دفاتر میں رہتے ہوئے امیگریشن کے معاملات کو بہتر طورپر بلا کسی تاخیر کے انجام دے سکیں۔

شیئر: