فلکی حساب سے 11 فروری کو یکم شعبان ہوگا: ماہرین
’وسطی اور جنوبی ایشیا کے علاوہ جنوبی یورپ میں خصوصی آلات سے چاند دیکھا جاسکتا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
انٹرنیشنل فلک مرکز نے کہا ہے کہ بیشتر مسلم ممالک میں رجب کا مہینہ ہفتہ 13 جنوری کو شروع ہوا تھا۔
اس اعتبار سے ہفتہ 10 فروری کو 29 رجب ہے جس میں وسطی اور جنوبی ایشیا کے علاوہ جنوبی یورپ میں خصوصی آلات سے چاند دیکھا جاسکتا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ماہرین فلک نے کہا ہے کہ ’مذکورہ دن میں براعظم افریقہ میں شعبان کا چاند کھلی آنکھ سے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ براعظم امریکہ میں بھی تقریبا ایسا ہی ہے‘۔
فلک مرکز کے سربراہ انجینئر محمد شوکت عودہ نے کہا ہے کہ ’بیشتر مسلم ممالک میں فلکی حساب سے یکم شعبان اتوار 11 فروری کو ہے‘۔
’مشرق کی جانب واقع ممالک جیسے پاکستان، انڈیا اور بنگلہ دیش میں جہاں آنکھ سے چاند دیکھنے کا اعتبار ہے وہاں یکم شعبان 12 فروری کو ہوگا‘۔
انہوں نے ہفتہ 10 فروری کو شعبان کا چاند دیکھنے کے امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ ’ابوظبی میں چاند سورج غروب ہونے کے 37 منٹ بعد ڈوب جائے گا‘۔
’ریاض میں سورج غروب کے 38 منٹ کے بعد چاند ڈوب جائے گا جبکہ عمان اور بیت المقدس میں سورج کے 38 منٹ بعد چاند ڈوب جائے گا‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’بیشتر اسلامی ممالک میں ہفتہ 10 فروری کو شعبان کا چاند دیکھنا ممکن نہیں ہوگا‘۔