سعودی ، بحرینی رابطہ کونسل کا اجلاس ، متعدد معاہدوں پر دستخط
اجلاس میں متعدد معاہدے اور مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور بحرینی ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے ریاض میں سعودی بحرینی رابطہ کونسل کے تیسرے اجلاس کی صدارت کی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی و بحرینی رابطہ کونسل کے تیسرے اجلاس میں متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پردستخط کیے گئے۔
واضح رہے بحرینی ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ بدھ کی شام رابطہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کرنے ریاض پہنچے تھے جہاں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے انکا استقبال کیا بعدازاں انہوں نے اپنے وفد کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی۔
خیال رہے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور انکے بحرینی ہم منصب عبداللطیف بن راشد الزیانی نے تیسرے اجلاس کی تیاری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں سعودی ، بحرینی کمپنی نے پہلے دفتر کے افتتاح کا اعلان کیا گیا جو نومبر 2022 میں سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ اور بحرین کی ہولڈنگ کمپنی کے درمیان 5 بلین امریکی ڈالر کے سرمایہ کے ساتھ قائم کی گئی تھی۔
بحرین میں شاہ عبداللہ میڈیکل سٹی ہسپتال کی تعمیر کے حوالے سے بھی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جسے سال رواں کی پہلی سہہ ماہی میں کھولا جائے گا ۔ علاوہ ازیں اجلاس میں متعدد دیگر امور بھی زیر بحث آئے۔
سعودی ، بحرینی رابطہ کونسل کے تیسرے اجلاس میں مختلف شعبوں کے حوالے سے مشترکہ تعاون کے معاہدے اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جن میں توانائی ، معیشت ، مالیات ، مارکیٹنگ ، قانونی معاملات، ثقافی امور، تعلیم ، صحت اور ذرائع ابلاغ کے شعبے شامل تھے۔