بحرینی رکن پارلیمنٹ کی ہفتے میں تین روزہ تعطیل کی تجویز
جمعہ، سنیچر اور اتوار کو تین روزہ چھٹی شارجہ میں پہلے ہی رائج ہے(فوٹو: عاجل)
بحرینی پارلیمنٹ کے پانچ ممبران حمد العلیوی، حمد الدوری، احمد قراطہ، محمد البلوشی اور بدر التمیمی نے ہفتے میں تین دن چھٹی کی تجویز دی ہے۔
انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ جمعہ، سنیچر اور اتوار کو تین دن چھٹی کی جائے۔
عاجل ویب کے مطابق رکن پارلیمنٹ محمد العلیوی نے اپنی تجویز کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا’ دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں بڑی تبدیلیاں آرہی ہیں۔ ٹیکنالوجی وسائل کا دائرہ وسیع سے وسیع تر ہوتا جارہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ’ بحرین اسلامی ملک ہے۔ اسلامی ریاستوں میں اپنے رسم و رواج ہیں۔ جمعے کے روز ڈیوٹی مشکل ہوگی۔ اس دن چند گھنٹے کی ڈیوٹی بھی ملازمین پر منفی اثر ڈالے گی۔ جمعے کو ڈیوٹی کا فائدہ کم نقصان زیادہ ہوگا۔‘
بحرینی رکن پارلیمنٹ نے کہا’ جمعے کا دن نہ صرف یہ کہ ہمارے معاشرے میں اہم ہے بلکہ پوری مسلم دنیا جمعے کو سماجی اور مذہبی معاملات سے جڑی رہتی ہے۔ نئے حالات کے تناظر میں جمعہ، سنیچر اور اتوار کو چھٹی کی جاسکتی ہے۔ ایسا کرنے سے نجی زندگی اور ملازمت میں توازن پیدا ہوگا۔‘
’ملازمین مزید وقت اپنے اہل و عیال کے ساتھ گزار سکیں گے اور ہفتے کے باقی دن زیادہ تندہی سے کام کریں گے۔ ملک میں خوشحالی کا معیار بلند ہوگا۔‘
محمد العلیوی نے کہا کہ’ تین دن کی چھٹی کا نظام لاگو کرنے سے گھر والوں سے ملاقات کا موقع زیادہ ملے گا۔ گلوبلائزیشن کے دور تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں کے ماحول میں سماجی رسم و رواج برقرار رکھ سکیں گے۔ بچوں اور نئی نسل پر ٹیکنالوجی انقلاب کے منفی اثرات سے بھی تین روزہ چھٹی کی صورت میں بہتر شکل میں نمٹا جاسکے گا۔‘
ان کا کہنا تھا’ جمعہ، سنیچر اور اتوار کو تین روزہ چھٹی شارجہ میں پہلے ہی رائج ہے ۔ شارجہ میں ہر ادارے کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ جمعے کے دن کی ڈیوٹی کے اوقات حسب ضرورت باقی ماندہ ایام میں شامل کرسکتے ہیں۔ ‘