’شکست اپنی جگہ، روایات اپنی جگہ‘، ہارنے والی ثمر بلور کی کامیاب امیدوار کو مبارکباد
ثمر بلور کی غیر متوقع آمد نے تحریک انصاف کے آزاد امیدوار مینہ خان کو بھی حیران کر دیا۔ فوٹو: ثمر بلور ایکس اکاؤنٹ
پشاور میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 83 سے عوامی نیشنل پارٹی کی امیدوار ثمر ہارون بلور شکست کھانے کے بعد اپنے مخالف کامیاب امیدوار مینہ خان کو مبارک دینے پھول لے کر اُن کے گھر پہنچیں۔
سوشل میڈیا پر صارفین کا کہنا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران مدمقابل امیدواروں کا ایک دوسرے کے خلاف بولنا سیاست کا حصہ سمجھا جاتا ہے مگر نتائج کے بعد شکست کو تسلیم کر کے مخالف امیدوار کو مبارکباد دینا بہت کم دیکھنے کو ملتا ہے۔
ثمر بلور نے ایسی ہی ایک اچھی مثال قائم کی کہ مخالفین بھی داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔
عوامی نیشنل پارٹی کی امیدوار نے انتخابی نتائج میں شکست کھانے کے بعد دھاندلی یا الزام تراشی کے بغیر مخالف امیدوار مینہ خان کے گھر پہنچیں اور مبارکباد دیتے ہوئے اُن کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ دونوں سیاسی مخالفین نے ایکدوسرے کے ساتھ خوشگوار ماحول میں گفتگو کی۔
ثمر ہارون بلور نے اپنے ایکس سوشل میڈیا اکاونٹ پر تصویر بھی شئیر کی جس میں ان کے بیٹے دانیال بلور بھی ہمراہ تھے۔ ثمر ہارون بلور نے پی ٹی آئی ورکرز کے اچھے برتاؤ کی بھی تعریف کی۔
دوسری جانب ثمر بلور کی غیر متوقع آمد نے تحریک انصاف کے آزاد امیدوار مینہ خان کو بھی حیران کر دیا۔
انہوں نے کامیابی پر مبارکباد دینے کے لیے آنے والی ثمر بلور کا شکریہ ادا کیا۔ سوشل میڈیا صارف قاضی عارف محمود نے تصویر پوسٹ کر کے لکھا کہ ’شکست اپنی جگہ مگر پختون روایات اپنی جگہ۔‘
مردان این اے 22 کے امیدوار امیر حیدر ہوتی نے بھی مخالف امیدوار محمد عاطف کی جیت پر ایکس اکاونٹ کے ذریعے مبارک باد دے کر اپنی شکست تسلیم کی۔
عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما نے لکھا کہ ’پی ٹی آئی کے کامیاب امیدواروں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اب مردان کے عوام کی نمائندگی یہ دونوں کریں گے، ہم عوام کا فیصلہ تسلیم کرتے ہیں۔‘
ادھر چترال سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 1 کے امیدوار افتخارالدین نے کھلے دل سے اپنی ہار کو تسلیم کر کے ویڈیو بیان ریکارڈ کر کے جاری کیا۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار عبداللطیف کو مبارک دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔