Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شانگلہ: الیکشن نتائج کے خلاف پی ٹی آئی کا احتجاج، پولیس فائرنگ سے ایک کارکن ہلاک

قومی اسمبلی کی نشست این اے 11 شانگلہ کے نتائج کو مسترد کرکے پی ٹی آئی کے کارکن صبح سے الپوری بازار میں احتجاج پر بیٹھے ہوئے ہیں۔
قومی اسمبلی کی نشست این 11 شانگلہ کے عیر حتمی سرکاری نتائج سامنے آنے کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے۔
پی ٹی آئی کے امیدوار سید فرین نے دھاندلی کا الزام لگا کر احتجاج کی کال دی جس پر کارکنوں کی بڑی تعداد الپوری بازار کو بند کرکے احتجاج پر بیٹھ گئے۔
جب پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی تو کارکنان اور پولیس میں تصادم ہوا۔ شیلنگ کے جواب میں مشتعل کارکنان نے پولیس پر پتھراو کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق پولیس نے فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو 1122 شانگلہ کے ترجمان رسول خان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تین لاشیں ہسپتال منتقل کی گئی ہے جب کہ 6 افراد کو زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق  ہوائی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا ہے جبکہ پتھراو سے 8 پولیس اہکار زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حالات اب قابو میں ہیں اور مشتعل کارکن منتشر ہوگئے ہیں۔
مقامی صحافی عمرباچا نے اردو نیوز کو بتایا کہ الپوری میں حالات اس وقت بھی کشیدہ ہے کیونکہ فائرنگ کے بعد عوام میں اشتعال بڑھ گیا ہے۔
حالات قابو کرنے کے لیے مزید نفری طلب کرلی گئی ہے۔
واضح رہے کہ غیر حتمی سرکاری نتائج کے مطابق این اے 11 پر امیر مقام 59863 ووٹوں سے کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار 54311 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
یاد رہے شانگلہ پی کے 28 کی صوبائی سیٹ پر سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کو بھی شکست ہوئی ہے۔

شیئر: