ریاض کا چڑیا گھرعوام کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا
چڑیا گھر اصلاح ومرمت کے لیے عارضی طورپر بند کیا گیا تھا(فوٹو، ایکس )
قومی مرکز برائے جنگلی حیات کا کہناہے کہ ریاض کا چڑیا گھر ترمیم و اصلاح کے بعد عوام کے لیے دوبارہ کھول دیا گیاہے۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کا مزید کہنا تھا کہ ریاض کا چڑیا گھر عارضی طورپر اصلاح و مرمت کے لیے بند کیا گیا تھا۔ ترقیاتی اور مرمت کا کام مکمل کرنے کے بعد اب چڑیا گھر کو عوام کے لیے حسب معمول کھول دیا گیا ہے۔
واضح رہے ریاض کا چڑیا گھر ریجن کا بہترین تفریحی مقام شمار کیا جاتا ہے جہاں ریاض شہر کے علاوہ قرب وجوار کے دوسرے شہروں سے بھی لوگ بڑی تعداد میں تفریح کے لیے آتے ہیں۔
ریاض کے چڑیا گھر میں مجموعی طورپر 1300 جانور ہیں جن میں 190 مختلف اقسام کے جانور رکھے گئے ہیں۔ مذکورہ چڑیا گھر مملکت کا سب سے بڑا اور قدیم ہے جو 55 ایکڑ پرمحیط ہے۔